ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ عالمی بینک سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی رقم بطور قرض فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق ورلڈ بینک کے 13 رکنی وفد نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے دی جانے والی امداد سے 268 سڑکوں کی مرمت کی اشد ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں حکومتِ سندھ سیلاب متاثرین کے لیے نئے تعمیر ہونے والے گھروں پر سولر سسٹم نصب کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سردیوں کا موسم شروع ہو چکا ہے اور وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیرِ نو کا کام فوری طور پر شروع کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لیے مذکورہ قرض کی رقم جلد فراہم کر دی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ اس موقع پر ورلڈ بینک اور حکومتِ سندھ نے پراپرٹی ٹیکس کے سروے کے آغاز کا فیصلہ کیا جو کراچی سے شروع کیا جائے گا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔