اگر آپ کے پاس محدود بجٹ ہے اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا سوچ رہے ہیں تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ خریدنا ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔ آج کے بلاگ میں ہم آپ کو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کریں گے۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ ایسی رہائشی سہولت کو کہتے ہیں جہاں ایک بڑے کشادہ کمرے میں بیڈ روم، لیونگ روم، کچن اور باتھ روم کی سہولت ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوتی ہے۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کا رجحان چھوٹے شہروں کے بجائے بڑے ترقی یافتہ شہروں میں زیادہ پایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گاؤں، دیہات یا چھوٹے شہروں سے تعلیم کے حصول یا روزگار کی تلاش میں بڑے شہروں کا رخ کرنے والے افراد کے لیے رہائشی سہولت کے طور پر یہ بہترین انتخاب تصور کیا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب کم قیمت ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے گھر کی نسبت محدود جگہ کی صفائی کو یقینی بنانا ایک انتہائی آسان عمل ہوتا ہے۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کے فوائد
آئیے آپ کو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کے فوائد سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔
کم قیمت رہائشی سہولت
ایک یا دو بیڈروم والے اپارٹمنٹ کی نسبت اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی قیمتِ خرید کم ہوتی ہے۔ اگر آپ محدود سرمایہ رکھتے ہیں اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو کم بجٹ میں مذکورہ رہائشی سہولت سے بہتر انتخاب اور کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔
کرایہ داری کے تحت مناسب آمدن
بلاشبہ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی تعمیراتی لاگت یا قیمتِ خرید کم ہونے کے باعث مارکیٹ میں اس کی ڈیمانڈ زیادہ ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عام طور پر مارکیٹ میں دستیاب اسٹوڈیو اپارٹمنٹس کے کرائے زیادہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا تعمیراتی ماہرین کا ماننا ہے کہ کم لاگت کی وجہ سے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ سے کرایہ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن کی شرح ایک یا دو بیڈ کے اپارٹمنٹس کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی قدرومنزلت میں یقینی اضافہ
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی قدروقیمت وقت کے ساتھ بتدریج بڑھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جس قیمت پر آپ نے خریدا تھا، اس سے زائد قیمت پر باآسانی فروخت کر کے آپ اچھا منافع کما سکتے ہیں۔ یاد رکھیے اگر آپ کا اپارٹمنٹ پرائم لوکیشن پر واقع ہے تو وقت کے ساتھ اس کی قدروقیمت میں غیریقینی حد تک اضافہ ہو سکتا ہے جو گھر کی فروخت کے وقت آپ کی توقع سے زائد منافع کا سبب بن سکتا ہے۔
تزئین و آرائش پر خرچے میں کمی
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کا احاطہ محدود ہونے کے باعث اس کی تزئین و آرائش پر بھی کم خرچ آتا ہے جو اس کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ کر دیتا ہے۔ اس کے برعکس ایک یا دو بیڈ روم والے اپارٹمنٹ کا احاطہ زیادہ ہونے کے باعث ان کی تزئین و آرائش پر زائد اخراجات آتے ہیں۔ اگر دونوں کا تقابلی جائزہ کیا جائے تو اس نکتے کی بنیاد پر اسٹوڈیو اپارٹمنٹ سرمایہ کاری کے لئے زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے۔
محفوظ سرمایہ کاری
مارکیٹ میں ڈیمانڈ زیادہ ہونے کے باعث اسٹوڈیو اپارٹمنٹس کبھی خالی نہیں رہتے۔ ایسے اپارٹمنٹس میں کرایہ دار ہمیشہ موجود رہیں گے اور آپ کو ماہانہ کرایہ ملتا رہے گا۔ اس لحاظ سے یہ ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کی جاتی ہے۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے نقصانات
جہاں اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کرنے یا سرمایہ کاری کے کچھ فوائد ہیں وہیں اس سہولت کے چند منفی پہلو آپ کی سرمایہ کاری کو کسی حد تک نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔
قدر و قیمت میں سست روی سے اضافہ
ڈیمانڈ میں زیادہ ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اس کی قدر و قیمت میں بھی فوراً اضافہ ہو جائے گا۔ مارکیٹ میں یہ رجحان دیکھا گیا ہے کہ دوسری پراپرٹیز کی نسبت اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی قدروقیمت میں سست روی سے اضافہ ہوتا ہے۔ اگر آپ اس خیال سے اس میں سرمایہ کاری کرنے کا سوچ رہے ہیں کہ خریداری کے کچھ عرصے بعد اس کو بیچ کر اچھا منافع کما لیں گے تو ایک مرتبہ پھر سوچ لیجیے کیونکہ اس کی قدروقیمت میں سست روی سے اضافہ ہو گا اور یہ فوری طور پر آپ کو بھاری منافع نہیں دے گا۔
کرایہ داروں کے مسائل
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ چونکہ عمومی طور پر ایسے افراد کی جانب سے کرایہ پر لیا جاتا ہے جو طلباء ہوں یا انہوں نے نوکری کی غرض سے بڑے شہر کا رخ کیا ہو، ایسے افراد سے کرایہ کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایک فیملی کے ساتھ رہنے والا شخص عام طور شریف النفس ہوتا ہے اور کرایہ دینے یا گھر خالی کرنے میں پراپرٹی کے مالک کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بنتا۔
اس کے برعکس کرایہ پر اپارٹمنٹ حاصل کرنے والے طلباء یا نوکری پیشہ افراد محدود وسائل یا دیگر ذاتی وجوہات کی بناء پر کرایہ ادا کرنے یا اپارٹمنٹ خالی کرنے کے معاملے میں مالک کے لیے دردِ سر بن سکتے ہیں۔
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی خریداری کے وقت کن بنیادی نکات کا خیال رکھنا چاہیے؟
اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کرتے وقت درج ذیل نکات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
پراپرٹی کی لوکیشن
کسی بھی پراپرٹی کی طرح اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی لوکیشن صارفین کی ضرورت کے لحاظ سے موزوں ہونا نہایت اہم ہے۔ ایسی جگہ جو دکانوں، ریستوران، کالج، یونیوورسٹی اور دفاتر کے قریب واقع ہو زیادہ موزوں تصور کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو بس کا نزدیک ہونا بھی صارفین کی دلچسپی اور پراپرٹی کی ڈیمانڈ میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ کرایہ دار اپارٹمنٹ کی لوکیشن کے اطراف پائی جانی والی روزمرہ سہولیات کے پیشِ نظر اس پراپرٹی میں دلچسپی لیتے ہیں۔
اچھی حالت کے حامل اپارٹمنٹ کی خریداری
ایسے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کا انتخاب کریں جس میں مرمت یا تزئین و آرائش کے کاموں پر اخراجات کم آئیں اور آپ کے لیے منافع بخش ہو۔ ایسا اپارٹمنٹ جس کی اندرونی حالت بدحالی کا شکار ہو، اس میں سرمایہ کاری کرنا آپ کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ ایسے اپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش پر آپ کے کافی اخراجات آ جائیں گے۔ اسی لیے موزوں یہی سمجھا جاتا ہے کہ ایسے اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کی جائے جس کی اندرونی حالت اچھی ہو اور فوری طور پر کرائے پر لگانے کے لیے تیار ہو۔ اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری سے قبل گھر کے فرش، دیواروں کا پینٹ، چھت، گھر کا نکاسی آب کا نظام سمیت دیگر گھر کے دیگر حصوں کا بھرپور معائنہ نہایت اہم ہے۔
اپارٹمنٹ کا مناسب کرایہ مقرر کرنا
یہ نہایت لازم ہے کہ اپارٹمنٹ کی لوکیشن اور اس کی اندرونی خوبصورتی کے لحاظ سے اس کا مناسب کرایہ مقرر کیا جائے جو آپ کو بھی ہر ماہ اچھا منافع دے اور صارفین کے لیے بھی موزوں ہو۔ اس مقصد کے لیے ماہر پراپرٹی ایجنٹس کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
آج کے بلاگ میں ہم نے آپ کو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تسلی بخش معلومات فراہم کیں۔ ان اہم معلومات کی بناء پر آپ سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ بخوبی سرانجام دے سکتے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ