کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ حکومت رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے لے آؤٹ پلانز کی منظوری پر کوئی پابندی نہیں لگائے گی۔ تاہم، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی یا بلڈرز کی جانب سے بلڈنگ قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ عمارتوں کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ نے ایس بی سی اے پر زور دیا کہ وہ قانونی تعمیرات کی حوصلہ افزائی کرے اور طریقہ کار کو آسان بنائے۔
دریں اثناء نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی نے دو طرفہ مفادات اور باہمی تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں ملاقات کے دوران نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ان سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے قونصل جنرل نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کی سہولت کے لیے کراچی میں اب تک کا سب سے بڑا ویزا سینٹر قائم کیا گیا ہے۔مزید یہ کہ نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ