گھر کے باغیچے میں سرسبز و شاداب گھاس نہ صرف آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کا باعث بنتی ہے بلکہ گھر کے پورے منظر کو دلکش و پُرکشش بنا دیتی ہے۔ آج کے بلاگ میں ہم آپ کو پاکستان میں پائی جانے والی گھاس کی مختلف اقسام کے بارے میں دلچسپ معلومات فراہم کریں گے۔
باغیچہ گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں بیٹھ کر شام کی چائے یا رِم جھم کے موسم سے خوب لطف اندوز ہوا جاتا ہے، ایسے ماحول میں باغیچے کی سرسبزوشاداب گھاس ان خوبصورت لمحوں میں مزید رنگ بھر کر ان کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔
آئیے پاکستان میں پائی جانے والی گھاس کی مختلف اقسام کے بارے میں تفصیل سے بیان کرتے ہیں۔
کورین گھاس
یہ برمودا گھاس کی ویرائٹی سے تعلق رکھتی ہے اور اسے عام زبان میں کورین گھاس کہا جاتا ہے۔ کورین گھاس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کی تہہ موٹی ہوتی ہے اور اس کے باعث کورین گھاس سرسبزوشاداب دکھائی دیتی ہے۔
اس کو زیادہ تراش خراش کی ضرورت نہیں پیش آتی اور محض آدھے انچ سے ایک انچ تک کاٹا جاتا ہے۔ گرمیوں اور مون سون کے سیزن میں گھاس زیادہ تیزی سے اُگتی ہے اور اس کو باقاعدگی سے تراشنا پڑتا ہے۔ اگر اس سیزن میں باقاعدگی سے دیکھ بھال نہ کی جائے تو یہ خراب ہو کر پیلے یا بھورے رنگ کی ہو جاتی ہے۔
اس گھاس کی عام سیزن میں نشونما کافی سست روی سے ہوتی ہے اور اسے سرسبز و شاداب ہونے میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ کورین گھاس ٹھنڈے موسم کے لیے زیادہ موزوں سمجھی جاتی ہے اور اسے امریکی گھاس کی طرح 6 سے 8 گھنٹے سورج کی روشنی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ درخت یا دیوار کے سائے میں بھی اچھی نشونما پا سکتی ہے۔ شدید ٹھنڈے یا یخ بستہ موسم میں یہ خشک ہو کر پیلی ہو سکتی ہے۔
جب گھاس خشک ہو جائے تو اس کی تراش خراش کا عمل کر لینا چاہیے تاکہ نئی گھاس اُگ کر سرسبز ہو سکے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ سردیوں میں گھاس خشک نہ ہو اور سرسبزوشاداب رہے تو آپ اس کو امائنو ایسڈ اور پوٹاشیم کے استعمال سے سرسبز رکھ سکتے ہیں۔
اکثر افراد اس کو قدرتی طور پر سرسبز رکھنا پسند کرتے ہیں۔
فائن ڈھاکہ گھاس
اس کا تعلق بھی برمودا گھاس کی ویرائٹی سے ہے اور عام طور پر اسے فائن ڈھاکہ گھاس کہا جاتا ہے۔ یہ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی گھاس ہے۔ اس کے پتوں کی چوڑائی زیادہ ہوتی ہے اور اور اس کی نشونما تیزی سے ہوتی ہے۔ اس کی شہرت کی بنیادی وجہ اس کا امریکی گھاس سے آدھی قیمت پر دستیاب ہونا ہے۔
امریکی گھاس
یہ اعلیٰ کوالٹی کی گھاس سمجھی جاتی ہے۔ اس کی خاص بات یہ کہ یہ شدید ٹھنڈے موسم میں بھی آسانی سے خراب نہیں ہوتی اور سرسبزوشاداب رہتی ہے۔ اس پر موسم قدرے تاخیر سے اثرانداز ہوتا ہے جبکہ فائن ڈھاکہ گھاس اور کورین گھاس شدید ٹھنڈے موسم میں جلد ہی پیلی اور خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
امریکی گھاس کو تروتازہ اور سرسبز رہنے کے لیے روزانہ 7 سے 8 گھنٹے سورج کی روشنی اور باقاعدگی سے پانی کی آبیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر آپ کرکٹ یا فٹ بال کے فین ہیں تو یقینی طور پر آپ ان کے سرسبز و شاداب گراؤنڈز کو بھی پسند کرتے ہوں گے اور دل میں یہ خیال آتا ہو گا کہ یہ گھاس اتنی سرسبزوشاداب کیسے ہوتی ہے۔ ایسے پروفیشنل گراؤنڈز میں امریکی گھاس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ پورا سال کھیلوں کی سرگرمیاں ہونے کے باعث یہ ضروری ہوتا ہے کہ گراؤنڈ سرسبزوشاداب رہے۔ اس کے انتخاب کی بنیادی وجہ یہ کہ یہ دوسری اقسام کی نسبت زیادہ جاذبِ نظر اور دلکش دکھائی دیتی ہے۔
اگر آپ قوتِ خرید رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اعلیٰ معیار کی گھاس سے اپنے گھر کے باغیچے کو مزین کریں تو امریکی گھاس کا استعمال کریں۔ امریکی گھاس نہ صرف آپ کے گھر کے باغیچے کو خوبصورت بنائے گی بلکہ اس کی بدولت آپ کے گھر کا مکمل منظر یکسر حسین دکھائی دینے لگے گا۔ شام کی وقت باغیچے میں بچوں کے ساتھ کھیلنا مزید بھلا معلوم ہو گا اور سردیوں کے موسم میں گھاس پر پڑتی ہلکی چمچماتی دھوپ اسے مزید خوبصورت بنا دے گی۔ اس پر قدم رکھنا بھی نفیس احساس دلائے گا۔
گھر کے باغیچے کی دیکھ بھال کرنا ایسا عمل ہے جو وقت اور توجہ مانگتا ہے۔ اگر آپ خود یہ کام سرانجام نہیں دے سکتے تو مالی کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اگر آپ یہ بھی نہیں چاہتے تو آپ آرٹیفیشل ٹرف یا بناوٹی گھاس کا استعمال کریں۔ یہ وہ گھاس ہوتی ہے جو دیکھنے میں تو اصل جیسی ہوتی ہے لیکن درحقیقت اصل نہیں ہوتی۔
اگر آپ اصل گھاس جیسے کہ کورین، فائن ڈھاکہ یا امریکی گھاس کا استعمال کرتے ہیں تو یاد رکھیے کہ اس کی مناسب دیکھ بھال لازماً کرنی ہو گی تب ہی یہ خوبصورت نظر آئے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔