کہتے ہیں دل کا موسم اچھا ہو تو سب ہی سیزن اچھے لگتے ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ باہر کا موسم مزاج بدلنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لیکن وہ کون سا موسم ہے جس سے متاثر ہو کر آپ اپنے ارد گرد کے ماحول کو رنگوں اور سجاوٹ سے بدل دیتے ہیں؟
برسات کا موسم کسی کو بہت اداس اور کسی کو بہت خوش کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مخلتف افراد اپنے موڈ کے مطابق رویہ اپناتے ہیں۔ کچھ لوگ بہت اچھا کھانا بناتے ہیں، میوزک سنتے ہیں۔ اور کچھ لوگ گھر کی سجاوٹ کے نئے نئے انداز ڈھونڈ کر اسے اور دیدہ زیب بناتے ہیں۔
اگر آپ کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جو تزئین و آرائش کے شوقین ہیں اور گھر کی سجاوٹ میں بھرپور حصہ لیتے ہیں تو آج ہم مون سون کے موجودہ سیزن کے مطابق گھر کی سجاوٹ کو مزید نکھارنے سے متعلق کچھ تجاویز پر غور کرتے ہیں۔
مون سون کا آغاز
اللہ رب العزت نے پاکستان کو سردی، گرمی، بہار اور خزاں جیسے خوبصورت موسموں سے نوازا ہے۔ موسمِ برسات ایک ایسا موسم ہے جو سب ہی کو پسند ہے کیونکہ برستی بارش ہر زی روح کو اپنا گرویدہ بنا لیتی ہے۔
مون سون سیزن سے قبل پِری مون سون اور پھر باقاعدہ مون سون کا آغاز ہوتے ہی موسم گرم سے خوشگوار ہو جاتا ہے۔ اور ملک کا ہر شہر موسمِ برسات کے رنگوں میں ڈوبا دکھائی دیتا ہے۔ یہاں تک کہ روشنیوں کا شہر کراچی بھی گزشتہ کچھ سالوں سے مون سون کی بھاری اور تیز بارشوں کا سامنا کر رہا ہے۔
بارش اور گھر کا ماحول
موسمِ برسات میں آسمان پر سرمئی بادلوں کے ڈیرے اور برستی بارش ماحول پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گھر کا ماحول مدھم اور خاموش دکھائی دیتا ہے جو موڈ پر مختلف طریقوں سے اثر انداز ہوتا ہے۔
بارش کے بعد آسمان پر نظر آتی قوس قزح کسے خوبصورت نہیں لگتی۔ ایسے ہی رنگ اگر گھر میں نظر آئیں تو ہر چیز نکھری ہوئی اور دلکش نظر آئے۔
برستی بارش کا خوبصورت نظارہ
برسات کے موسم میں دن رات برستی اور گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کا نظارہ نہ کیا جائے تو کیا فائدہ۔ اس مسحور کن موسم کا مزہ ہی یہی ہے کہ برستی بارش کو دیکھ کر لطف اندوز ہوا جائے۔
گھر کی کھڑکیوں دروازوں اور جالیوں سے وہ رکاوٹیں اور اشیاء دور کر دیں جو بارش دیکھنے میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں باغیچہ ہے تو بارش کا نظارہ نہایت دلفریب ہوگا۔ اور اگر جدید طرزِ تعمیر کے مطابق آپ کے ڈرائنگ روم یا لیونگ روم کی دیوار شیشے پر مشتمل ہے تو اس کے باعث نظر آںے والی برستی بارش کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔
در و دیوار کی سجاوٹ
گھر کے پھیکے اور بے رنگ ماحول کو نیا انداز دینے کے لیے خوبصورت رنگوں کا استعمال گھر کو یکسر بدل سکتا ہے۔ اگر بارش کا موسم آپ کے گھر میں اندھیرا کر دیتا ہے اور ایک اداس ماحول کو جنم دیتا ہے تو ضروری ہے کہ گھر یا اپنے کمرے کی دیواروں پر سب سے پہلے توجہ دیں۔ پینٹ یا رنگ و روغن کے ججنجھٹ میں پڑنا اگر ناگوار لگ رہا ہے یا وقت کی کمی کا شکار ہیں تو خوبصورت وال پیپرز بھی آپ کا کام کر سکتے ہیں۔ ایسے وال پیپر کا انتخاب کریں جو گھر یا کمرے کی دیواروں کو پھیکا کر دینے کے بجائے زندگی سے بھرپور دکھائی دیں۔
اس کے علاوہ گھر کے اندرونی دروازے اور کھڑکیاں بھی رنگ و روغن سے آراستہ کی جا سکتی ہیں۔
ڈیکوریشن پیس اور پینٹنگ
دروازے، کھڑکیاں اور دیواروں کی سجاوٹ یا رنگ و روغن اگر آپ کو ایک مشکل کام لگتا ہے۔ تو گھر کے کمروں کے استعمال کے مطابق آپ ان میں دلکش اور کِھلتے ہوئے رنگوں کے ڈیکوریشن پیسز کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح پرانی پینٹنگ یا وال ہینگنگ آئٹمز کی جگہ نئی اور روشن رنگوں پر مشتمل پینٹنگز اور چمکتے آئٹمز آویزاں کر سکتے ہیں۔
باریک اور ریشمی پردوں کا انتخاب
کھڑکیوں میں آویزاں بھاری بھرکم اور گہرے رنگ کے پردے موسمِ برسات میں زیادہ گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر انہی پردوں کی جگہ اُجلے رنگ اور قدرے باریک کپڑے پر مشتمل پردے استعمال کیے جائیں تو گھر کا نظارہ یکسر تبدیل ہو جائے گا۔ کمرے روشن اور کشادہ محسوس ہوں گے اور اداسی پھیلاتا برسات کا موسم آپ کے گھر میں اُلاجا بکھیر دے گا۔
روشنیوں کا استعمال
برسات کے موسم میں گہرے بادلوں اور بارش کے باعث سورج کی چمک دار روشنی ہم سے دور ہوتی ہے۔ اور براہِ راست ہم تک نہیں پہنچتی۔ جس کے باعث گھر کے اندرونی حصوں میں دن کے وقت بھی اندھیرے کا گماں ہوتا ہے۔ ایسے ماحول میں اگر معمول سے زائد کچھ روشنیوں کا استعمال کیا جائے تو گھر ایک پرکشش رہائش گاہ کی شکل اختیار کرلے گا۔ ایسی روشنیوں کا استعمال اگر گھر کے مختلف کونوں میں کیا جائے تو زیادہ اثر انداز ہوگا۔ کیونکہ دروازوں اور کھڑکیوں سے دور موجود کونوں کو زیادہ روشن ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انڈور پلانٹس، پودوں سے سجاوٹ
بلاشبہ ساون کے موسم سے درختوں، پودوں اور پھولوں کا ایک خاص واسطہ ہے۔ اس موسم میں سب ہرا بھرا ہو جاتا ہے۔ جس سے متعلق ایک مشہور مثل قابلِ ذکر ہے۔ کہ ’ساون کے اندھے کو ہرا ہی ہرا نظر آتا ہے‘۔ یعنی چونکہ ساون میں سب ہرا بھرا ہوتا ہے۔ اس لیے یہ موسم جس کی نظر میں سما جائے اسے ہمیشہ سب ویسا ہی دکھائی دیتا ہے۔ تو ہرے بھرے پودوں کو ساون میں اپنے گھر کی زینت بنائیں۔ جنہیں آپ باغیچے اور صحن میں رکھ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں انڈور پلانٹس سے آپ کمروں، دالان اور برآمدوں کو سجا سکتے ہیں۔
خوشبوؤں کا استعمال
ساون بھادوں کے مہینے بےشمار اور لگاتار بارشوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گھر کے در و دیوار اکثر سیم زدہ ہو جاتے ہیں۔ اور سیم زدہ دیواروں کے سبب ماحول میں ایک ناخوشگوار بدبو سما جاتی ہے۔ اس سے نجات کے لیے گھر کے مختلف حصوں اور کمروں میں خوشبودار سپرے کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یا پھر گلاب اور جیسمین جیسے خوشبودار پھولوں کا سجایا جانا بہت مسحور کن ہوگا۔ پھولوں کا استعمال نہ صرف خوشبو بکھیرے گا بلکہ دیکھنے میں بھی ان سے زیادہ خوبصورت کچھ نہ ہوگا۔
مزید برآں، آپ خوشبودار موم بتیوں کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔ جو روشنی کے ساتھ ساتھ خوشبو بھی بکھیریں گی۔ مارکیٹ میں بے شمار رنگوں اور خوشبوؤں کی کینڈلز دستیاب ہیں جو آج کل ٹرینڈ میں شامل ہیں۔
حشرات سے بچاؤ ممکن بنانا نہ بھولیں
برسات کے موسم میں بارش کے بعد حشرات اور کیڑے مکوڑے کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ جو کافی ناگوار گزرتے ہیں اور گھر کے معمولات میں الجھاؤ کا باعث بنتے ہیں۔ ایسے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے سپرے اور مختلف ادویات مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہیں۔ جن کے استعمال سے آپ مکھیوں اور کیڑے مکوڑوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ لیکن ان کے استعمال میں ہمیشہ احتیاط برتیں۔ کیونکہ یہ زہریلے کیمیکلز پر مبنی ہوتے ہیں۔ اور سانس کے ساتھ انسانی جسم میں داخل ہو کر نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔