اوپن فلور پلان ایک ایسے طرزِ تعمیر کو کہتے ہیں جس میں گھر کے مختلف حصوں کو یکجا کر دیا جاتا ہے۔ یہ ڈائننگ روم، کچن، لیونگ یا ڈرائئنگ روم پر مبنی ایک کشادہ جگہ پر مشتمل ہوتا ہے جن کے درمیان دیواریں حائل نہیں ہوتیں۔ آج کے بلاگ میں ہم آپ کو اس کے فوائد و نقصانات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
اوپن فلور پلان ایک الگ طرح کا طرزِ تعمیر ہے جو دورِ جدید میں بڑی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ یہ پُرکشش ضرور دکھائی دیتا ہے لیکن اس کے مثبت پہلوؤں کے ساتھ ساتھ منفی پہلو بھی ہیں۔
آئیے آپ کو دونوں کے مثبت اور منفی پہلوؤں کے بارے میں تفصیلاً معلومات فراہم کرتے ہیں۔
اوپن فلور پلان کے فوائد درج ذیل ہیں۔
اگر آپ کے گھر میں بہت زیادہ تعداد میں مہمانوں کا آنا جانا ہے تو اوپن فلور پلان آپ کے لیے نہایت موزوں ہے۔ لیونگ روم اور ڈائننگ روم کا یکجا ہونا آپ کو وسیع جگہ فراہم کر سکتا ہے تاکہ آپ اپنے مہمانوں کی اچھے طریقے سے مہمان نوازی کر سکیں۔
لیونگ روم اور ڈائننگ روم سے ملحقہ کچن میں تیار ہونے والے کھانوں کی خوشبو مہمانوں کو محسور کر دے گی اور وہ لذیذ کھانوں کی تیاری کے دلچسپ عمل کو دیکھتے ہوئے گپ شپ بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔
اوپن فلور پلان عید کے تہوار، سالگرہ یا دیگر خوشی کے لمحات کو منانے کے لیے نہایت موزوں ہے۔
گھر میں کھیلتے کودتے بچے اکثر نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں اور اگر بچے اکیلے میں کھیلتے کھیلتے کہیں گِر پڑیں اور انہیں چوٹ آ جائے تو مائیں پریشانی کا شکار ہو جاتی ہیں۔
اوپن فلور پلان کے تحت مائیں کچن میں کام کرتے ہوئے بھی لیونگ روم میں کھیلتے بچوں پر نظر رکھ سکتی ہیں۔ اس طرح بچہ ماں کی نظر سے اوجھل نہیں ہوتا اور ماں کے دِل کو بھی اطمینان رہتا ہے۔
لیونگ روم، ڈائننگ روم اور کچن کے ایک ہی چھت تلے ہونے کی وجہ سے آپ ایک جگہ کھڑے ہو کر سارے ماحول کا بخوبی جائزہ لے سکتے ہیں۔
روایتی طرزِ تعمیر میں کھڑکیوں سے داخل ہوتی سورج کی روشنی دیواروں کے باعث صرف کمروں تک محدود رہ جاتی ہے۔
اوپن فلور پلان ایک ایسا ماحول فراہم کرتا ہے کہ سورج کی روشنی براہِ راست اندر داخل ہو کر پوری جگہ کو روشن کر دیتی ہے۔ بڑے کشادہ کمرے میں کھڑکیوں کی موجودگی ہوا کے گزر اور سورج کی روشنی کے آنے جانے کو ممکن بناتی ہے۔ اس سے نہ صرف گھر ہوادار رہتا ہے بلکہ گھٹن کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
موجودہ دور میں جہاں موبائل فون کا کا استعمال عام ہو گیا ہے اور خاندان کا ہر فرد اپنے اپنے کمروں میں محصور ہو کر موبائل فون میں ہی مشغول رہتا ہے، اوپن فلور پلان فیملی کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
خاندان کے تمام افراد ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر اکھٹے وقت گزار سکتے ہیں جو فیملی میں باہمی اتحاد، اتفاق اور محبت بڑھانے کی وجہ بنتا ہے۔
گھر کے تمام افراد ایک ہی جگہ پر واقع لیونگ روم اور ڈائننگ روم میں بیٹھ کر اکٹھے کھانا بھی کھا سکتے ہیں اور شام کی چائے بھی مل بیٹھ کر انجوائے کر سکتے ہیں۔ کچن میں کھانا بناتی گھر کی خواتین لیونگ روم میں موجود بچوں سے باآسانی مخاطب ہو کر ان کا روزمرہ کا احوال بھی معلوم کر سکتی ہیں۔
یوں باہمی پیار محبت بھی بڑھتا ہے اور موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے رشتوں میں پیدا ہونے والی دوریاں بھی کم کی جا سکتی ہے۔
اوپن فلور پلان کے جہاں فوائد ہیں وہیں نقصانات بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ آئیے آپ کو تفصیلاً بیان کرتے ہیں۔
اگر آپ زیادہ گُھلنا ملنا پسند نہیں کرتے تو شاید اوپن فلور پلان آپ کے لیے موزوں نہیں۔ ایک ہی جگہ پر ڈائننگ، لیونگ روم اور کچن کا بغیر کسی درمیانی دیوار کے موجود ہونا مہمانوں کی آمد کی صورت میں شوروغل کا سبب بن سکتا ہے۔
اگر آپ گھر سے دفتری امور سرانجام دیتے ہیں تو اوپن فلور پلان آپ کے لیے ہرگز موزوں نہیں ہے۔ کشادہ جگہ میں زیادہ لوگوں کی موجودگی زیادہ شور کا سبب بنتی ہے۔
اگر آپ اپنے بیڈروم کا دروازہ بند کر کے بھی دفتری کام جاری رکھے ہوئے ہیں تب بھی آپ ڈائننگ اور لیونگ روم میں موجود افراد کی گپ شپ اور قہقہوں سے اُکتا سکتے ہیں۔
روایتی طرز کے گھر میں کمرے الگ الگ ہونے کی بدولت آپ باآسانی خاموشی میں اپنے دفتری امور سرانجام دے سکتے ہیں۔
کچن میں رکھے استعمال شدہ برتن، لیونگ روم کے فرش پر لگے داغ اور ڈائننگ روم کے کھانے کی ٹیبل پر گِرے کھانے کے ذرات، یہ سب چُھپانا مشکل ہو جاتا ہے اگر آپ اوپن فلور پلان پر مبنی گھر میں رہائش پذیر ہوں۔
گھر میں اچانک مہمان داخل ہونے کی صورت میں کچن میں رکھے استعمال شدہ برتن باآسانی نظر آ سکتے ہیں جس کا اچھا تاثر نہیں جاتا۔
اس کے علاوہ آپ خود بھی اتنی کشادہ جگہ میں اگر زمین پر لگے داغ دیکھ لیں تو آپ کی طبیعت پر گراں گزر سکتا ہے۔ اوپن فلور پلان پر مبنی گھر میں رہنے کے لیے اس کے تمام حصوں کو ہمہ وقت صاف رکھنا ایک مشکل امر ہے۔
اس کے برعکس روایتی گھر میں تمام حصے الگ الگ ہونے کی بدولت کچن کے استعمال شدہ برتن باآسانی چھپ جاتے ہیں۔
لیونگ روم میں موجود افراد نہ تو ڈائننگ روم میں ٹیبل یا فرش پر لگے داغ دیکھ سکتے اور نہ ہی ڈائننگ روم کے افراد لیونگ روم میں بےترتیبی سے رکھا فرنیچر دیکھ پائیں گے۔
روایتی گھر میں لیونگ روم اور ڈائننگ روم الگ الگ ہونے کی وجہ سے آپ ہر کمرے کی دیوار کو اپنے ذوق کے مطابق فن پاروں اور خوبصورت تصاویر سے سجا سکتے ہیں۔
اس کے برعکس اوپن فلور پلان کی کشادگی کے باعث شاید آپ اپنے شوق کو اُس انداز میں پورا نہ سکیں جیسے آپ خواہش کرتے ہیں۔
بڑی بڑی دیواروں پر ایک خاص تعداد سے زیادہ تصاویر یا فن پارے سجانا بالکل بھی مناسب نہیں لگے گا۔
آج کے بلاگ میں ہم نے آپ کو اوپن فلور پلان کے فوائد و نقصانات سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ ان معلومات کو استعمال میں لاتے ہوئے آپ اپنی شخصیت اور ذاتی ترجیحات کی بنیاد پر اوپن فلور پلان پر مبنی گھر خریدنے یا کرائے پر حاصل کرنے کا فیصلہ باآسانی کر سکتے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک نئی ویب سائٹ…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے شہریوں کو…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پلاٹوں کی نیلامی…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں…