وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ماسٹر پلین کے تحت بننے والا شہر ہے جسے مختلف سیکٹرز میں منظم منصوبہ بندی کے تحت آباد کیا گیا ہے ۔ اس شہر میں رہنے والے افراد روزگار اور کاروبار کی غرض سے یہاں آئے اور پھر یہیں مقیم ہوگئے۔ دارالحکومت ہونے کی وجہ سے اس شہر میں تمام بنیادی سہولیات زندگی میسر ہیں ۔بہترتعلیم، صحت اور عمدہ لائف سٹائل کی تلاش میں لوگ ملک بھر کے دوسرے شہروں سے یہاں منتقل ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔اسلام آباد میں کئی ملٹی نیشنل اور نیشنل کمپنیز کے ہیڈکوارٹر موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ تمام وفاقی وزارتیں ،سفارتخانے اور بین الاقوامی این جی اوزبھی یہاں موجود ہیں ۔اس لحاظ سے یہ شہر روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے۔ ملک بھر سے لوگ روزگار کی تلاش میں اسلام آباد منتقل ہونے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ جب ایک ملازم روزگار کے حصول کے بعد مستقل رہائش کے لیے اسلام آباد منتقل ہوتا ہے تو اسے بے شمار مسائل کا سا منا کرنا پرتا ہے۔ اس بلاگ میں ہم نے کوشش کی ہے کہ اس دشواری سے بچنے کے لیے چنداہم تجاویز پر روشنی ڈالی جائے۔اسلام آباد کا ما حول پاکستان کے دوسرے شہروں سے ذرا مختلف ہے جیسے کراچی میں جو افراد روزگار کی غرض سے جاتے ہیں انہیں فلیٹس اور اپارٹمنٹس میں رہنا پڑتا ہے ۔ کراچی کم آمدنی والے افراد کے لیے بھی ایک سازگار شہر ہے کیونکہ وہاں ہر طرح کا طرز ذندگی میسر ہے جبکہ اسلام آباد میں معاملات مختلف ہیں۔یہاں کا طرز زندگی قدرے مہنگا اور تکلفانہ ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے منتقل ہونے والے افراد کے لیے بھی اس شہر کی آب و ہوا اور رہائشی طور طریقے بلکل الگ ہیں۔ لاہور میں لوگ خاندان کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں محلوں میں معاشرتی ہم آہنگی اور تعاون پایا جاتا ہے۔جبکہ اسلام آباد میں انفرادی زندگی کا رجحان ہے لوگوں کا ایک دوسرے پر انحصار بہت کم ہےاور نہ ہی لوگ دوسرے کے کام میں دخل دیتے ہیں۔اسلام آباد میں رہائش کے لیےمنتقل ہو کر آپ کا طرز زندگی کیسا ہو گا، آپ کو کن مسائل کا سامنا کرنا ہوگا ، اسلام آباد میں آپ کو مناسب رہائش کہاں میسر ہوگی ، آپ کو رہائش سے سفری سہولیا ت کیسے میسر ہوں گی، ان تمام امور کے حوالے سے چند اہم تجاویز درج ذیل ہیں۔
کرایے پر رہائش کا حصول
اسلام آباد کے پوش علاقوں میں گھر رینٹ کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ان پوش سیکٹرز میں مکانوں کے کرائے بہت زیادہ ہیں ۔ لیکن اسلامآباد کے قرب و جوار میں جو علاقے ہیں جیسےبھارہ کوہ ، گولڑہ اور چک شہزاد ان میں آپ مناسب قیمت میں گھر رینٹ پر لے سکتے ہیں ۔ دوسرا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی اپارٹمنٹ میں سنگل روم یا روم شئیرنگ کرکے مناسب قیمت میں رہائش لے لیں۔ سیکٹر جی 11 اور ای 11 میں ایسے اپارٹمنٹس کثرت سے موجود ہیں جن میں آپ سنگل روم یا روم شئیرنگ کے ذریعے انتہائی مناسب پیسوں میں رہائش رینٹ کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ آپ اگر ہاسٹل میں رہائش پذیر ہو نا چاہیں تو اسلام آباد میں بہترین ہاسٹلز سیکٹر آئی ۔8 میں فیض آباد کے نزدیک موجود ہیں۔اس کے علا وہ پارک روڈ پر کامسیٹس یونیورسٹی کےنزدیک بھی اچھے اور معیاری ہاسٹلز میسر ہیں۔
ملازمت کا مقام
اسلام آباد چونکہ وفاقی دارلحکومت ہے تو یہاں سرکاری اداروں کے دفاتر، سفارتخانے،ملکی اور بین الاقوامی این جی اوز ، کمرشل زونز، صنعتیں اور بے شمار کاروباری ادارے موجود ہیں جن مین ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرکاری اداروں کے دفاتر، سیکریٹریٹ ،سیکٹر جی 5 اور ایف 5 میں موجود ہیں۔ بیشتر صنعتی مراکز سیکٹر آئی 9 میں پائے جاتے ہیں ۔اس کے علاوہ جن مقامات پر کثرت سے نجی کاروباری دفاتر اور ادارے موجود ہیں ان میں بلیو ائریا اور سیکٹر ایف 10 سرفہرست ہیں ۔ اس سب کے علاو ہ تقریباً تمام سیکٹرز کے مراکز میں اداروں کے دفاتر اور کمرشل زون موجود ہیں ۔
ذرائع آمد و رفت
شہر میں آمد و رفت کا نظام انتہائی موثر ہے ۔شہر کے وسط سے گزرتی میٹرو بس سروس شہر کے تمام اہم مقامات سے ہو کر گزرتی ہے۔ میٹرو بس راولپنڈی اور اسلا م آباد کے درمیان 23 کلومیٹر کے ٹریک پر بنی ہوئی ہے جو ٖفیض آباد سے اسلام آباد میں داخل ہوتی ہےاوراسلام آباد میں اس کے 15 اسٹاپس ہیں ۔ میٹرو بس جن اہم مقامات تک رسائی دیتی ہے ان میں سیکٹر آئی 8 مرکز کے لیے پوٹھو ہار سٹیشن کراچی کمپنی کے لیے میٹرو کا چمن اسٹیشن ، سیکٹر ایف 8 مرکز کے لیے کچہری اسٹیشن ، سنٹورس مال کے لیے پمز اسٹیشن اور بلیو ائریا میں میٹرو کے چار اسٹیشنز شامل ہیں اس کے بعد میٹرو بس کا یہ سفر سیکر یٹر یٹ میں ختم ہوتا ہے جہاں پر یہ شہر بھر کے لوگوں کو تمام وزارتوںور اعلی سرکاری اداروںتک رسائی مہیا کرتی ہے۔ ، جبکہ اس کے علاوہ تمام سیکٹرز اور کمرشل زونز تک رسائی کے لیے بھی وینز کی صورت میں پبلک ٹرانسپورٹ مو جود ہے ۔ لوکل وین روٹس بھی آپ کو شہر میں آمدورفت کے لیے میسر ہیں جن میں مری روڈ فیض آباد سے اسلام آباد میں آبپارہ مارکیٹ اور سپر مارکیٹ تک 1 نمبر روٹ، فیض آباد سے آبپارہ اور بری امام کے لیے 3 نمبر روٹ ،آبپارہ سے کراچی کمپنی کے لیے 120 نمبر روٹ چلتا ہے جو ستارہ مارکیٹ، جی 7 ا ور بلیو ائریا سے ہو کر کراچی کمپنی اور کراچی کمپنی سے سیکٹر جی 10 اور ایف 10مرکز سے ہوتا ہوا گولڑہ دربار تک جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ سیکٹر جی 10 مرکز سے راولپنڈی کی طرف 1 سی کا روٹ چلتا ہے جو کراچی کمپنی سے ہوتا ہوا ڈبل روڈ آئی جے پی روڈ کے ذریعے راولپنڈی میں داخل ہو تا ہے۔ اس کے علاوہ 136 نمبر روٹ ہے جو پی ڈبلیو ڈی سے کھنہ پل اور بلیو ائریا سے سیکٹریٹ تک جاتا ہے ۔ یہ چند اہم ٹریفک روٹس ہیں ،اس کے علاوہ بھی شہر میں بے شمار ذرائع آمدورفت موجود ہیں۔
بنیادی سہولیات زندگی
اسلام آباد میں تقریباً تمام بنیادی سہولیات زندگی جیسے سکول ، یونیورسٹیز،ہسپتال وغیرہ موجود ہیں لیکن جو چیز سب سے اہم ہےوہ یہ کہ پرائیویٹ ہسپتال اور تعلیمی ادارے بہت مہنگے ہیں اس لیے کوشش کریں کہ بیماری وغیرہ کی صورت میں سرکاری ہسپتالوں کا رخ کریں ۔سرکاری ہسپتالوں میں پمز ہسپتال سیکٹر جی 8 ، پولی کلینک ہسپتال سیکٹر جی 6، کے آر ایل ہسپتال سیکٹر جی 9 ، نیسکام ہسپتال سیکٹر ایچ 11 ،نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ چک شہزاد،سی ڈی اے ہسپتال سیکٹر جی 6 شامل ہیں ۔ ان ہسپتالوں میں آپ کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔
تفریحی سہولیات
اسلام آباد شہر ی زندگی کا ہر رنگ اپنے اندر سموئے بیٹھا ہے۔ پارکس ،سنیماز ، ہائکنگ،5سٹار ریسٹورنٹس غرض یہ کہ زندگی کی ہر آسائش یہاں موجود ہے۔ شہر کا سب سے بڑا پارک فاطمہ جناح پارک ہے جو سیکٹر ایف 9 میں واقع ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے بڑے پارکس میں لیک ویو پارک اور جاسمین گارڈن سرفہرست ہیں ۔ ان کے علاوہ شہر کے تقریباً ہر سیکٹر میں پارکس لازمی موجود ہیں ۔اس لیے آپ اپنے وقت کا بہتر استعمال کرکے پارکس ، جم اور تفریحی مقامات پر وقت صرف کر کے صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔
موسم میں تبدیلی
اسلام آباد کا موسم کراچی اور لاہور سے بالکل مختلف ہے گرمیوں میں تو یہاں درجہ حرارت نسبتاًکم ہوتا ہے لیکن سردیوں میں اسلام آباد کا درجہ حرارت
بہت کم ہوتا ہے۔یہ شہر مارگلہ ہلز کے دامن میں موجود ہے اس کے علاوہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں کے نزدیک ہونے کی وجہ سےیہاں شدت کی سردی پڑتی ہے اس لیے سرد موسم میں اس شہر میں منتقل ہو رہے ہوں تو خیال رکھیں کہ سردی سے بچاؤ کے انتظامات مکمل ہوں۔
مختلف ثقافتوں کے لوگ
اسلام آباد کا رہن سہن دیگر شہروں سے ذرا مختلف ہے ۔یہاں پر مختلف علاقوں کے لوگ آباد ہیں ۔ بہتر رہائش اور تعلیم وغیرہ کے حصول کے لیے پاکستان بھر سے لوگ یہاں منتقل ہوتے ہیں، اس لیے اس شہر میں آپ کو پختون ، پنجابی، بلوچی، سندھی تمام قوموں اور علاقوں کے لوگ ملیں گے اس لیے آپ کو اس چیز کا ہر صورت خیال رکھنا ہوگا کہ آپ کا ہر عمل رواداری اور ہم آہنگی سے بھرپور ہو۔آپ کو مختلف علاقوں کے لوگوں سے بہتر روابط استوار کرنے کے لیے تمام ثقافتوں کا احترام کرنا ہوگا۔
لائف اسٹائل
اسلام آباد کا لائف اسٹائل دیگر شہروں سے بہت مختلف ہے ۔ یہاں پر صفائی زیادہ ہے ۔ یہاں مارکیٹس وغیرہ ایک منظم طریقے سے بنی ہوئی ہیں ،اس لیے لازمی نہیں کہ آپ کو واکنگ ڈسٹنس پر ہر سہولت میسر ہوگی۔ مارکیٹس وغیرہ جانے کے لیے لوگ اپنی ذاتی گاڑیوں کا ستعمال کرتے ہیں چناچہ رہائش کا انتخاب کرتے وقت اس چیز کا خیال رکھیں کہ بنیادی سہولیات زندگی تک آپ کی رسائی ہو ۔
معیاری کھانے کی دستیابی
شہر میں بے شمار ہوٹلز اور ریسٹورنٹس موجود ہیں جن میں کھانوں کی بے حد اقسام موجود ہیں لیکن سب سے اہم ہے معیاری اور مناسب دام میں کھانا مہیا کرنا ۔ اسلام آباد میں بے شمار ڈھابے ہیں جہاں بہت کم نرخوں پر کھانا دستیاب ہے لیکن اہم چیز ہے کہ ڈھابوں پر صفائی کا مناسب انتظام نہیں ہوتا۔ اس لیے کوشش کریں کہ کسی ایسے ہوٹل سے کھانا کھائیں جہاں دام بھی مناسب ہوں اور صفائی کا بھی بہتر انتظام ہو۔
خرید و فروخت کے مراکز
اسلام آباد کے ہر سیکٹر میں ایک کمرشل مرکز موجود ہے جہاں پر خرید و ٖ فروخت کی سہولت میسر ہے۔ ان مراکز میں آپ کو تمام اشیاء خوردو نوش اور دیگر اشیاء ضرورت ملیں گی ۔ لیکن ان میں بھی کچھ سیکٹرز کے مراکز میں چیزون کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں جیسے سیکٹر ایف 10 ، سیکٹر ائی 8،سیکٹر ایف 7 اور سیکٹر ایف 6 جبکہ مناسب نرخوں میں شاپنگ کرنے کے لیے سیکٹر جی 9 /کراچی کمپنی اور سیکٹر جی 6/ آبپارہ مارکیٹ انتہائی موزوں ہیں۔
یہ چند اہم تجاویز ہیں ان افراد کے لیے جو دیگر شہروں سے اسلام آباد منتقل ہو رہے ہیں ۔ تاکہ شہر میں منتقل ہونے سے پہلے آپ ان تمام مسائل سے آگاہ رہیں جو مستقبل مین آپ کو پیش آسکتے ہیں۔ اپنی قیمتی آراء اور تجاویز سے ہمیں آگاہ کریں کمنٹ سیکشن میں۔