گھر بنانے کے لیے خریدا گیا پلاٹ اور پھر اس پر تعمیر کا عمل جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔ جب تک تعمیر مکمل نہیں ہو جاتی اور گھر رہائش کے قابل نہیں بن جاتا، اسے آپ کی بے پناہ توجہ اور وقت درکار ہوتا ہے۔
کسی بھی گھر کی تعمیر کے لیے ذہن بنانے سے لے کر تعمیر شدہ گھر میں قدم رکھنے تک آپ کو مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس توجہ طلب کام کے لیے کچھ عوامل کار فرما ہیں جن پر مرحلہ وار رہنمائی آپ کے لیے آسانی اور وقت کی بچت کا باعث بن سکتی ہے۔
تعمیراتی جگہ کا تجزیاتی جائزہ
پلاٹ پر تعمیراتی کام شروع کرانے سے قبل سب سے ضروری کام تعمیراتی جگہ کی تکنیکی بنیادوں پر جانچ کرنا ہے۔ اگر زمین پر مَٹی نرم ہے تو آپ کو گہری کھدائی اور پلاٹ کے علاقے کو دوبارہ بھرائی کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ لیکن اگر زمینی سطح کافی سخت ہے تو آپ کو گھر کی بنیاد ڈالنے سے قبل زمین کو بڑی مشینری سے توڑنا پڑ سکتا ہے۔
تعمیر کے لیے منصوبہ بندی
زمین کی جانچ کے بعد اگلا مرحلہ یہ ہوگا کہ گھر کی تعمیر سے متعلق مختلف اُمور کی ترتیب اور منصوبہ بندی پر عمل کرنے کے لیے ایک پیشہ ور اور ماہر آرکیٹیکٹ یا معمار کی خدمات حاصل کی جائیں۔
گھر کی تعمیر سے متعلق اپنی تمام ضروریات آرکیٹیکٹ کو پہلے سے بتا دیں تاکہ منصوبے کی تیاری میں ان کو پیشگی مدد حاصل ہو سکے جن میں مطلوبہ کمروں کی تعداد، کچن، باتھ رومز اور باغیچے سے لے کر گھر کتنی منازل پر مشتمل ہونا جیسے عوامل شامل ہیں۔ ایک بات جو ذہن نشین رکھنے کی ہے وہ یہ کہ اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ آپ کی ضرورت کے عین مطابق پلاٹ کے سائز اور دوسری وجوہات کی بناء پر تعمیر ممکن نہ ہو۔ مثال کے طور پر اگر آپ گھر میں باغیچہ چاہتے ہیں تو 5 مرلے کے گھر میں اس کی تعمیر آپ کی خواہشات کے عین مطابق نہ ہو۔
ایک اہم بات! تعمیر شروع کرنے سے پہلے اپنے گھر کے منصوبے کی متعلقہ اداروں سے منظوری یقینی بنائیں۔
پانی، گیس اور بجلی کے کنکشن کے لیے پیشگی درخواست
جب آپ گھر کی تعمیر شروع کرتے ہیں تو ان بنیادی سہولیات پانی، گیس اور بجلی کے کنکشن کے لیے پیشگی درخواست متعلقہ اداروں کو جمع کرانا ضروری ہے۔ کچھ علاقوں میں آپ کو ان بنیادی ضروریات کی ابتدائی کمی کو پورا کرنے کے لیے گیس سلنڈر، بیک اپ جنریٹر یا پانی کے ٹینک کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
تعمیراتی عمل کا آغاز
گھر کی تعمیر کے عملی مراحل حقیقت میں اس وقت شروع ہوتے ہیں جب آپ گھر کی بنیاد رکھتے ہیں۔ ایک بار کھدائی اور پھر بنیادوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید تعمیرات کا آغاز کیا جاتا ہے اور پھر آپ منظور شدہ نقشے کے مطابق فریم یا گھر کے گَرے اسٹرکچر کی تعمیر شروع کر سکتے ہیں۔
گَرے اسٹرکچر کی تکمیل
جیسے ہی گھر کا ڈھانچہ مکمل ہوتا ہے تو اس کی بیرونی خوبصورتی یعنی پلستر، پینٹ وغیرہ کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ چھت کی ٹائلیں لگانے سے لے کر دیواروں کو پلستر کرنے تک سارے عمل کو بطریقِ احسن انجام دینا بےحد ضروری ہے۔ یہ ایک ایسا توجہ طلب کام ہے جو آپ اپنے معمار اور مزدوروں کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہ کر ہی مکمل کروا سکتے ہیں۔
گھر کے فرنٹ ایلیویشن کو جاذبِ نظر بنانے کے لیے آپ اس پر منفرد کام کروا سکتے ہیں جیسا کہ بیرونی دیواروں پر بہترین پینٹ یا اضافی نفاست کے لیے اینٹوں یا ٹائلز کے منفرد ڈیزائن کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔
گھر کے اندرونی حصوں پر کام
کَرے اسٹرکچر اور بیرونی حصوں کی تکمیل کے ساتھ گھر کی تعمیر کے لیے اگلا اصول اندرونی حصے پر کام کرنا ہے۔
فرش کی تیاری کے لیے میٹیریل سے لے کر دیواروں کے رنگ و روغن اور ان کے شیڈز کا فیصلہ کرنے تک اس مرحلے میں آپ کو بہت کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔
الیکٹریکل وائرنگ، پلمبنگ، سیوریج اور لائٹنگ سے متعلق تمام اشیاء کا انتخاب اور ان کی مکمل انسٹالیشن بلاشبہ ایک توجہ طلب مرحلہ ہے۔
لکڑی کا کام
گھر کے اندرونی حصوں پر کام کے دوران کسی اچھے کارپینٹر کا انتخاب کیجیئے جو آپ کے کچن کی کیبنٹس اور کمروں کی الماریوں پر کام کرے۔
گھر کو حتمی شکل دینا
کسی بھی نئے تعمیر شدہ گھر کو رہنے کے قابل بنانے کے لیے اس کے اندرونی حصوں کو مکمل کرنا اور ہر چیز کو فنکشنل حالت میں لے کر آنا انتہائی ضروری امر ہے جس میں رنگ و روغن سے لے کر سوئچ بورڈ کی تنصیب تک کے سارے کام شامل ہیں۔
اکثر و بیشتر رنگ و روغن کا ایک کوٹ مکمل نہیں ہوتا جو کافی نامکمل اور نا خوشگوار احساس دیتا ہے۔ اسی لیے گھر کو مکمل رہائش کے قابل بنانے کے لیے اندرونی حصوں کو بہتر طور پر پینٹ کرنا ضروری ہے۔
ٹھیکیدار کے ہمراہ گھر کی مکمل جانچ کیے بغیر کبھی بھی اس میں شفٹ نہ ہوں۔ یقیناَ آپ کسی ایسے گھر میں رہائش اختیار کرنا پسند نہیں کریں گے جس میں منتقل ہونے کے بعد آپ کو احساس ہو کہ یہ ابھی بھی زیرِ تعمیر ہے۔
ڈیکوریشن
تمام تعمیراتی پہلو مکمل ہونے کے بعد آخر میں اپنی پسند کے فرنیچر، پردے، قالین، ڈیکوریشن کا سامان، پودے اور دوسری مختلف اشیاء کا انتخاب آپ کی مرضی اور پسند پر منحصر ہے۔
اپنے گھر کو سجانے کے لیے آپ اپنی پسند کے رنگوں پر مشتمل مختلف خوبصورت اور سجاوٹی اشیاء کا آزادانہ انتخاب کر سکتے ہیں جن سے آپ اپنی نئی رہائش گاہ میں آرام دہ زندگی بسر کر سکتے ہیں۔
نئے گھر میں رہائش اختیار کرنا
گھر کی تعمیر اور تمام مراحل کی تکمیل کے بعد سب سے اہم مرحلہ آپ کی گھر میں منتقلی ہے۔ نئے اور خاص طور پر اپنے گھر میں شفٹ ہونے کے بعد ایک خوشگوار احساس آپ کو گھیر لیتا ہے اور اس گھر کا عادی ہونے میں آپ کو زیادہ دیر نہیں لگتی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔