جے ایس ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق اسٹیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں رواں ماہ واضح کمی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام مال کی قیمتوں میں اچانک کمی کے بعد اسٹیل کی مصنوعات کی قیمتیں 2 لاکھ 30 ہزار روپے فی ٹن سے نیچے آ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق امریلی اسٹیل لمیٹڈ اور اتحاد اسٹیل لمیٹڈ نے بروز سوموار اسٹیل کی قیمتوں میں 8 ہزار روپے فی ٹن کمی کا اعلان کر دیا۔ قیمتوں میں کمی کے بعد نئی قیمتیں 2 لاکھ 21 ہزار سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے فی ٹن پر آ گئیں۔
ریسرچ کے مطابق اسٹیل کی قیمتوں میں کمی کی ممکنہ وجوہات میں اسکریپ کی قیمت اور طلب میں کمی ہے کیونکہ ملک اس وقت سیلاب کے بعد کی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق گذشتہ 10 دنوں میں روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ سے بھی ملکی اسٹیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی۔
رواں سال اپریل اور جون میں اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ اگست میں کمی واقع ہوئی۔ اپریل میں اسٹیل کی قیمتیں 227,000 روپے فی ٹن سے تھیں جو بعد ازاں بڑھ کر اگست میں 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گئیں۔ رواں ماہ مندرجہ بالا وجوہات کی بِنا پر اسٹیل کی قیمت گرنا شروع ہوئی اور اب 2 لاکھ 21 ہزار روپے فی ٹن ہو چکی ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔