پشاور: وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ حکام کو سی پیک کے اسپیشل اکنامک زونز کا مارکیٹنگ پلان جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
رشکئی زون میں کام کرنے والی کمپنیوں کے حکام نے معاون خصوصی سی پیک کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رشکئی اقتصادی زون کیلئے گیس اور بجلی کی فراہمی مقررہ مدت میں مکمل ہو گی۔ انفراسٹرکچر پر کام کی رفتار تیزی سے جاری ہے جبکہ 8 کمپنیوں کو اقتصادی زون میں انڈسٹریل پلاٹ کی الاٹمنٹ کی جا چکی ہے۔
معاون خصوصی نے رشکئی میں مارکیٹنگ پلان کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دی اور سینچری اسٹیل کا دورہ بھی کیا۔ سینچری اسٹیل سی پیک اسپیشل اکنامک زون میں تعمیراتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی پہلی کمپنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 845 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔
اس موقع پر خالد منصور کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں شامل منصوبوں پر پیش رفت کا آغاز کردیا گیا ہے اور کچھ اقتصادی زونز میں کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی نے اس ضمن میں 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لیے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔