راولپنڈی: چیئرمین راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود مرتضیٰ نے راجہ بازار سمیت شہر کے مختلف تاریخی مقامات کے لیے اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے گزشتہ روز جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
میٹنگ کا مقصد راولپنڈی کی ثقافت کو فروغ دینا اور تاریخی مقامات پر ٹریفک اور دیگر معاملات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کرنا تھا۔
اجلاس میں صرافہ بازار، بھابرہ بازار، سجان سنگھ حویلی اور راجہ بازار کے اطراف میں تعمیراتی کاموں، سیاحت کے فروغ اور اِن تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائیزہ لیا گیا۔
چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود کا کہنا تھا کہ ان بازاروں کی حالت کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے۔ تعمیراتی کاموں سے نہ صرف شہر کی معیشت بہتر ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ راجہ بازار اور اطراف میں نکاسی آب اور ٹریفک کے نظام میں بہتری سے شہریوں کو آسانی میسر ہوگی۔
پریس ریلیز کے مطابق اِن منصوبوں کو فروری 2021 میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم چیرمین آر ڈی اے نے واپڈا حکام سے کہا ہے کہ وہ بجلی کے تاروں کو پائپ لائن میں شامل کرنے سے متعلق تخمینہ لاگت پیش کریں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔