لاہور: صوبائی محکمہ منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے شعبے پنجاب پروونشیل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) نے 10.7 ارب روپے لاگت کے تین ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
ان ترقیاتی منصوبوں کی منظوری رواں مالی سال کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 63 ویں اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ خان سنبل کی صدارت میں دی گئی۔
منظور شدہ ترقیاتی سکیموں میں پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ سیشن ہال لاہور کی توسیع کا اندرونی کام شامل ہے۔ جبکہ 80 کروڑ 93 لاکھ روپے کی لاگت سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ اور 8.84 ارب روپے کی لاگت سے پاپولیشن ویلفیئر ہاؤس پنجاب کی تعمیر بھی منظور شدہ منصوبوں کی فہرست میں شامل ہے۔
اس موقع پر لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سگیاں پُل بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سگیاں بحالی منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور اس منصوبے پر 4 ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
مذکورہ منصوبہ آٹھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے کے تحت چار سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ مرمت اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سگیاں منصوبے سمیت شہر میں جاری دیگر تمام میگا پراجیکٹس بروقت مکمل کر لیے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 6.901 ارب روپے لاگت کی منظورشدہ 33 سکیموں میں شاہراہوں اورسرکاری عمارات کی تعمیر، پرائمری ہیلتھ کیئر، آبپاشی، کھیل اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے منصوبے شامل ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔