اسلام آباد: حکومتِ پنجاب نے 65 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کا حتمی پلان منظوری کے بعد جاری کردیا۔
پلان کے مطابق اس منصوبے میں 10 نئے تجارتی اور رہائشی زونز کو شامل کیا گیا ہے۔
جدید سہولیات سے آراستہ ایک ڈرائی پورٹ، پبلک ٹرانسپورٹ ٹرمینلز اور ایک بین الاقوامی ایکسپو سینٹر کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
جدید سہولیات سے لیس ایک ہسپتال، پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹس بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے چیئرمین طارق مرتضیٰ نے بتایا کہ 65.8 کلومیٹر طویل یہ رنگ روڈ موٹر وے کی طرح چھ لینز میں تقسیم ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مرکزی سڑک کے ساتھ ملحقہ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی جبکہ اس پر ڈیڑھ لاکھ پودے بھی لگائے جائے گے اور راہداری کو سگنل فری بنایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سڑک پر آٹھ مختلف مقامات پر انٹرچینجز بنائے جائیں گے جبکہ چار انٹرچینجز کے ہمراہ رہائشی زونز کی تعمیر ہوگی۔
منصوبے میں ایک اسپتال شامل ہے جو چک بیلی انٹرچینج کے قریب بنایا جائے گا، جبکہ چکری اور مورات کے انٹرچینج کے مابین ایک تفریحی پارک بھی تعمیر کیا جائے گا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔