لاہور: پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم یعنی ای پے کے ذریعے ٹیکس وصولی کا 100 ارب روپے کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں شہریوں نے 9.5 ارب روپے اس سہولت کے ذریعے حکومتی خزانے میں جمع کرائے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ خزانہ پنجاب کے باہمی تعاون سے سرکاری ادائیگیاں اور ٹیکس اکٹھا کرنے کے آن لائن نظام یعنی ای پے پنجاب میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
صوبائی حکومت نے اس نظام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد ریکارڈ ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کر لیا۔
اس نظام کے تحت آن لائن ٹرانزیکشنز 1 کروڑ 95 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔
اب تک 21 لاکھ سے زائد شہری ای پے کی موبائل ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔
حکومت کو آن لائن سیلز ٹیکس کی مد میں 63 ارب، ٹوکن ٹیکس کی مد میں 13 ارب جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 9.5 ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں۔
اس نظام کے تحت ٹریفک چالان کی مد میں 4.5 ارب روپے سے زائد ریونیو وصول ہو چکا ہے۔
حال ہی میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کیلئے فیس کی ادائیگیوں کو بھی ای پے پنجاب میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ای پے کے ذریعے شہری گھر بیٹھے 11 محکموں کے 24 مختلف ٹیکس بآسانی ادا کر سکتے ہیں۔
ای پے پنجاب کے ذریعے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکروں اور لمبی قطاروں سے نجات حاصل ہو گئی ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔