لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں جاری پانچ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 25.5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پانچ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں مختلف شعبوں کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 25 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں گجرات میں نواز شریف میڈیکل کالج کے قیام، یونیورسٹی آف گجرات اور عزیز بھٹی شہید اسپتال کو ٹیچنگ اسپتال میں اپ گریڈ کرنے کیلئے 3 ارب 1 کروڑ 25 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
ڈیرہ غازی خان میں میر چکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 7 ارب 7 کروڑ 34 لاکھ روپے، لاہور میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 4 ارب 86 کروڑ 15 لاکھ روپے اور سورا ڈیم کی تعمیر کیلئے 9 ارب 84 کروڑ 69 لاکھ روپے کی منظور دی گئی۔
دوسری جانب اجلاس میں نیشنل پارکس، ویٹ لینڈرز، ایکو ٹورازم سائٹس اور سفاری پارک کے ترقیاتی کاموں کیلئے 70 کروڑ 63 لاکھ روپے کے فنڈز بھی منظور کر لیے گئے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔