وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاونٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تمام کمرشل بینکوں کے ذریعے عطیات جمع کرنے کا سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔
عطیات اکاؤنٹ (Prime Minister Relief Fund Account 2022 Account No. G-12164) میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ حالیہ برس بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ، ملک بھر اور بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں غیرمعمولی تباہی ہوئی، آئیں ہم سب مصیبت میں گِھرے اپنے اہل وطن کی مدد کریں، ہم سب بنیں سہارا۔ انہوں نے اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں سے دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کی۔
ان عطیات کے ذریعے تمام پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے کام میں شامل ہوسکتے ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکلر کے تحت تمام کمرشل بینک اور ان کی شاخیں وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں عطیات جمع کر سکتی ہیں۔بیرون ملک پاکستانی وائر ٹرانسفر، منی سروس بیوروز، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاسز کے ذریعے بھی عطیات بھیج سکتے ہیں۔
عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔