اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے پاکستان میں مون سون کے ختم ہوتے ہی مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ مغربی لہر کا سلسلہ جمعرات کی شام بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ ملک میں مون سون ختم ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر 28سے 30 ستمبر تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، کشمیر، (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ) اور گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، اسکردو اور ہنزہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور متوسط سے زائد بارش متوقع ہے۔
مزید یہ کہ محکمہ موسمیات نے اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بلند پہاڑوں پر برفباری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ اور کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی، وزیرستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میں ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ جبکہ جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 28 اور 29 ستمبر کی رات بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں اس دوران ژوب، بارکھان، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کسانوں کو موسم کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھنے کی نصیحت کی ہے۔ جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس مدت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔ نیز عام لوگوں کو آندھی اور تیز بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ