اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زمینوں اور جائیداد کی خرید و فروخت کے دستاویزات کو جدید بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کے منصوبے کا آج باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
مذکورہ منصوبے کے آغاز کا مقصد قدیم پٹواری نظام کی حوصلہ شکنی اور جدید بنیادوں پر استوار ٹیکنالوجی کے نظام کو متعارف کراتے ہوئے عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اراضی کی میپنگ کے حوالے سے حکومتی ادارے سروے آف پاکستان نے جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کی مدد سے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ سروے آف پاکستان کے مطابق اسلام آباد کا کُل رقبہ 943 مربع کلومیٹر ہے جس میں سے 400 مربع کلومیٹر کا علاقہ سی ڈی اے جبکہ بقایا 543 مربع کلومیٹر کا علاقہ آئی سی ٹی کے زیر انتظام ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
سروے آف پاکستان کو کیڈاسٹرل میپنگ کا کام سونپا گیاہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سمیت تین بڑے شہروں کے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے اور ملک کی سرکاری زمین کا ڈیٹا جس کی کل لاگت 1.944 ارب روپے ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لیے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔