کراچی: قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید کا کہنا ہے کہ خلیجی ملک قطر پاکستان کو دو ارب ڈالر کی مالی امداد دے گا۔
اس بات کا انکشاف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قائم مقام گورنر ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے تجزیہ کاروں کو بریفنگ دیتے کو کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ملک سے ملنے والی فنڈنگ سے ملک کو درپیش سخت مالی صورتحال کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ فنڈنگ کے حوالے سے اعلان وزیراعظم شہباز شریف کے دو روزہ دورہ قطر کے دوران کیا جا سکتا ہے۔
بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی آئل فنانسنگ کی سہولت بھی فراہم کرے گا جبکہ متحدہ عرب امارات بھی ملک میں تقریباً اتنی ہی رقم کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ فنڈز اگلے 12 ماہ کے عرصے میں متوقع ہیں۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے کہا تھا کہ اگر وہ اپنے بیل آؤٹ سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو دوسرے ممالک سے فنڈنگ حاصل کرے۔
قرض کی قسط کی منظوری کے لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 29 اگست کو ہو گا۔
منظوری کی صورت میں اگست میں ہی پاکستان کو آئی ایم ایف کی قسط جاری کر دی جائے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔