اسلام آباد: ملکی معیشت کی رونقیں بالآخر بحال ہونے کو ہیں تیار، پاکستان کو آئی ایم ایف کا لیٹر آف انٹینٹ موصول ہو گیا۔
حکام کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جلد ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی دواقساط کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کا لیٹر آف انٹینٹ موصول ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل اورقائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضٰی سید کے دستخط کے بعد یہ دستاویز ایک دو روز میں آئی ایم ایف کو واپس بھجوا دی جائے گی۔
قوی امکان ہے کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ 24 یا 25 اگست کو قرض کی حتمی منظوری دے گا ۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے ساتھ ہی اگلی قسط جاری کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتویں اور آٹھویں اقتصادی جائزے کی تمام شرائط پوری کر چکا ہے۔ ان شرائط میں پیٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل کا مطلوبہ اطلاق، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، ٹیکس اہداف اور نئے بجٹ میں متعدد اقدامات کا اعلان شامل ہے۔ آئی ایم ایف کی ایک اور شرط کے تحت دوست ممالک سے 4 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کے حصول میں بھی خاصی پیش رفت ہوئی ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے اگلی قسط ملنے کے بعد دوسرے عالمی مالیاتی اداروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
آئی ایم ایف کا لیٹر آف انٹینٹ ملنے سے روپے پر دباؤ میں بھی مزید کمی واقع ہوگی جو پہلے ہی ڈالر کے مقابلے میں بہترین کارکردگی دِکھا رہا ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔