نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 1559 افراد جاں بحق جبکہ 12860 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
این ڈی ایم اے حکام کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں میں بچے اور3 خواتین سمیت مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1559 تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ سندھ میں 692 افراد لقمہ اجل بنے، خیبرپختونخوا 306، بلوچستان 299 جبکہ پنجاب میں 191 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک بھر میں زخمی افراد کی کُل تعداد 12 ہزار 860 سے زائد ہو گئی۔
این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 21 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، مزید 13ہزار 813 مال مویشی بارش و سیلاب سے متاثر ہوئے۔
این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے اب تک ملک بھر میں 9 لاکھ 73 ہزار سے زائد مویشیوں کو نقصان پہنچا جبکہ 11 لاکھ 70 ہزار 936 گھروں کو جزوی طور پر نقصان ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک بارشوں اور سیلاب سے 7 لاکھ 87 ہزار 918 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ 14 جون سے اب تک ملک بھر کی 12 ہزار 7 سو 16 کلومیٹر سڑک متاثر ہوئی۔ ملک بھر میں 374 پلوں کو نقصان پہنچا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔