وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ قصور تا رحیم یار خان موٹروے تعمیر کی جائے گی۔
ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ براستہ اوکاڑہ اور دیگر شہروں، مذکورہ موٹروے تعمیر کی جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ضلع لاہور کو تین اضلاع میں تقسیم کر کے سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔
کلمہ چوک کی تعمیرِ نو کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) کے سی ای او عمران امین کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کا وژن ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جائے۔ فروری 2021ء میں پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعہ تشکیل دی گئی اتھارٹی کو پاکستان کا پہلا اور سب سے زیادہ متوقع کاروباری ضلع یعنی سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ قائم کرکے عالمی اقتصادی نقشے پر پاکستان کو لانے کا مشن دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے نے کاروباری برادری کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق اپنے کاروبار کو بڑھانے کے منفرد مواقع فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ شہریوں کا طرزِ زندگی بہتر بنانے کا بھی باعث بنے گا۔ پروجیکٹ کے تحت 365 میٹر لمبا بلیوارڈ دو مرحلوں میں 180 دنوں کی مدت میں تعمیر کیا جائے گا۔ سی بی ڈی بلیوارڈ کی تعمیر ماحول کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی کیونکہ اس سے ٹریفک کی بھیڑ کو روکنے اور ٹریفک جام کے دوران گاڑیوں کی لمبی قطاروں کی وجہ سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔