Lifestyle

مون سون: احتیاطی تدابیر اور لذیذ پکوان کا موسم

ٹھنڈی ہوا، جھومتے درخت، گیت گاتے پرندے، گہرے بادل اور زمین پہ برستی بارش کے سبب مٹی سے اٹھتی مسحور کن مہک۔ جی ہاں آمد ہے مون سون کی، جس نے جھلستے چہروں کو مسکراہٹ بخشی، دہکتے جنگلات پر ابرِرحمت برسایا۔ اور گرمی کے ستائے ہر ذی روح میں زندگی جی اٹھی۔

invest with imarat

Islamabad’s emerging city centre

Learn More

مون سون، برسات اور ساون بھادوں ہر سال ہمیں اپنے جوبن دکھانے آتے ہیں۔ اور بلند درجہ حرارت کو خوشگوار موسم میں بدل دیتے ہیں۔ مزے مزے کے پکوان اور سیر وتفریح سے لطف اندوز ہوتے بچے اور بڑے موسمِ برسات میں حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔مستی اور مزاح کے ساتھ اگر ہم احتیاط کا دامن تھامے اس موسم کو خوش آمدید کہیں تو ناخوشگوار واقعات، حادثات اور بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ لہٰذا جائزہ لیتے ہیں مون سون کی احتیاطی تدابیر اور لذیذ پکوان کونسے ہیں۔

 

 

مون سون میں احتیابی تدابیر

برسات کے موسم میں مناسب حفاظتی اقدامات سے آپ اپنی حفاظت یقینی بنا سکتے ہیں۔

 

احتیاطی تدابیر: مون سون میں الیکٹرک شاک سے بچیں

مسلسل بارش در و دیوار، گلیوں اور سڑکوں کو گیلا کر دیتی ہے۔ شہروں اور دیہاتوں کے اکثر نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کی صورت میں وہاں نصب بجلی کے پول اور تاروں میں کرنٹ آنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ بلکہ ہر سال بے احتیاطی اور نا مناسب اقدمات کے پیشِ نظر حادثات رونما ہوتے ہیں۔ اور کچھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ایسے موسم اور حالات میں سمجھداری سے کام لیں۔

علاوہ ازیں، برسات کے موسم میں کوئی بھی بجلی کی تار گھر کے دروازے یا دیوار کے ساتھ منسلک ہونے کی بنا پر کرنٹ لگنے کا باعث بن سکتی ہے۔ اور اسی احتیاط کے پیشِ نظر بچوں کو بارش کے پانی میں کبھی کھیلنے مت دیں۔

 

احتیاطی تدابیر: بیماریوں اور انفیکشنز سے بچاؤ

برسات کے موسم میں مخلتف بیماریاں اور انفیکشنز آسانی سے حملہ آور ہوتے ہیں۔ کیونکہ اس موسم میں مچھر، کیڑے مکوڑے اور حشرات پیدا ہوتے ہیں۔ جو بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔ علاوہ ازیں آںکھوں میں انفیکشن، ملیریا اور جِلدی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں۔ پیٹ کی خرابی جن میں ہیضہ اور ڈائریا شامل ہیں لوگوں کو زیادہ تر متاثر کرتی ہیں۔

ایسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ پینے کے لیے صاف یا اُبال کر پانی استعمال کیا جائے۔ مکھیوں اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے کھانے پینے کی اشیا کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔ مزید یہ کہ کچن کی صفائی کا ضرورت سے زیادہ خیال رکھا جائے۔

 

 

احتیاطی تدابیر: کیڑے مکوڑوں سے بچاؤ

مون سون کیڑوں مکوڑوں کی افزائش کا موسم ہے۔ مچھر کے باعث ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ کیڑے مکوڑوں سے بچاؤ کے لیے الیکٹرانک ریکٹ، بلب، کوائل یا سپرے کا استعمال ضرور کریں۔ تاہم سپرے کا استعمال ہمیشہ اپنا منہ اور چہرہ ڈھانپ کر کریں کیونکہ اس میں موجود زہریلے کیمیکل سانس کے ساتھ اندر جانے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

 

احتیاطی تدابیر: فالتو روشنیوں سے اجتناب

آپ نے غور کیا ہو گا کہ برسات کے موسم میں گھر میں روشن بلب اور لائٹس پر مچھر اور کیڑے مکوڑے آتے ہیں۔ اور یوں گھر کے دیگر حصوں میں بھی انہیں داخل ہونے کا موقع مل جاتا ہے جو بیماریوں کے پھیلاؤ کا آسانی سے سبب بنتا ہے۔ لہٰذا ہمیشہ گھر کی فالتو روشنیاں آف رکھ۔ں، خاص طور پر وہ روشنیاں جو گھر کے اندرونی حصوں میں نصب ہوں۔ ضرورت کے تحت کم سے کم روشنیوں کا استعمال کریں اور لمبی بازو کی قمیض پہنیں تاکہ تمام اہلِ خانہ کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رہیں۔

 

 

احتیاطی تدابیر: استعمال کے بعد الیکٹرانک آلات آف رکھیں

ہمارے ہاں کچھ کام اتنے عام اور بےضرر تصور کیے جاتے ہیں جن سے نقصان اٹھانے کے بعد ہی احتیاط کرنے کا سوچا جاتا ہے۔ ٹی وی دیکھنے والے گھر کے بیشتر افراد ریموٹ کنٹرول سے آن، آف اور چینلز کی تبدیلی کرتے ہیں۔ لیکن سوئچ بورڈ سے پلگ نکالنا ہمیں ایک فالتو کام لگتا ہے، جو وجہ بن سکتا ہے کرنٹ لگنے کا۔ مزید یہ کہ ہر وقت سٹینڈ بائی پوزیشن میں رہنے والا ٹی وی آپ کے بل میں خاموش اضافہ کرتا ہے۔

 

مون سون کے دوران ڈرائیونگ میں احتیاط

بارش میں گاڑی نہ چلانا سب سے بڑی احتیاط ہے۔ تاہم راستے میں شروع ہونے والی بارش اور ضروری امور کے تحت بارش میں باہر نکلنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بھاری اور اونچی گاڑیوں سے دور رہیں۔ تیز بارش کی صورت میں ہیڈ لائٹس آن رکھیں تاکہ سامنے سے آنے والی ٹریفک کو آپ بآسانی نظر آئیں۔ اور ڈرائیو شروع کرنے سے قبل بریک اور وائپرز ضرور چیک کریں۔ علاوہ ازیں گاڑی چلاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کا خیال رکھیں۔ اور ان سے جلدی راستہ لینے کے لیے بلاوجہ ہارن بجانے سے پرہیز کریں۔ کیونکہ بائیک گیلی سڑک پر بآسانی پھسل جاتا ہے۔ اور حادثات کا سبب بنتا ہے۔ اگر آپ خود موٹرسائیکل چلاتے ہیں تو آہستہ رفتار اپنائیں تاکہ اپنے اور دوسروں کے لیے پریشانی کا سبب نہ بنیں۔

 

 

بچوں کے لیے ضروری احتیاط

بچے بارش کے گرویدہ ہوتے ہیں۔ اور برستی بارش میں نہانے کے شوقین ہوتے ہیں۔ اس موسم میں کھیل کود ان کا پسندیدہ عمل ہوتا ہے۔ اور ان ہی وجوہات کی بنا پر وہ کسی بیماری یا حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ بچوں کو گھر تک محدود رکھیں۔ بند جوتوں اور صاف لباس کا استعمال کریں۔ مزید یہ کہ گھر سے باہر جانے پر درختوں، دیواروں اور الیکٹرک پولز کو ہاتھ نہ لگانے دیں۔

 

مون سون میں بازاری کھانوں سے پرہیز

برسات کے موسم میں سب سے خطرناک اور جان لیوا باہر کے مضرِ صحت کھانے ہو سکتے ہیں، جو چٹ پٹے اور مزیدار ضرور ہوتے ہیں۔ لیکن حفظانِ صحت کے اصولوں پر مبنی نہیں ہوتے۔ مثال کے طور پر ناقص تیل میں فرائی کی جانے والی چیزیں اور غیر معیاری صفائی پیٹ کی بیماریوں کا سبب بن کر آپ کو بیمار کر سکتی ہے۔

لہٰذا ضروری ہے کہ بارش کے موسم میں گھر میں بنے کھانوں کو ترجیح دی جائے۔ اور موسمِ برسات کے روایتی پکوان کو اہمیت دی جائے۔

 

 

موسمِ برسات کے پسندیدہ اور لذیذ پکوان

برسات کا موسم ہو اور مزے مزے کے پکوان تیار نہ ہوں۔ ایسا شاید ہی کسی گھر میں ہوتا ہو۔ پاکستانی گھرانوں میں برسات کا موسم لذیذ پکوان کے لیے مشہور ہے۔ ان مزیدار پکوان میں کچھ ڈشز بہت کم قیمت اور گھر میں موجود اجزاء سے ہی بآسانی تیار ہو جاتی ہیں۔

 

لذیذ پکوان: پکوڑے اور چائے

پکوڑوں اور چائے کو بارش کے موسم میں پسند کیے جانے اور بنائے جانے والے کھانوں میں درجہ اول حاصل ہے۔ ادھر بارش شروع ہوئی اور ادھر پکوڑوں کی فرمائش ہونے لگی۔ اسی طرح چائے کے شوقین افراد کے لیے پکوڑوں کے ساتھ چائے ہو، تو مزہ اور دوبالا ہو جاتا ہے۔

 

 

لذیذ پکوان: گُلگُلے

کیا آپ نے کبھی گُلگُلے کھائے ہیں؟ یہ برسات میں پسند کی جانے والی وہ میٹھی ڈش ہے جو بچے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ انہیں میدہ، چینی، سونف اور دیگر اجزاء ملا کر بنایا جاتا ہے۔ یہ دیکھنے میں پکوڑوں جیسے لیکن کھانے میں میٹھے، نرم اور مزیدار ہوتے ہیں۔

 

مون سون کی سوغات: پھلوں کا بادشاہ آم

آم نہ صرف پھلوں کا بادشاہ ہے۔ بلکہ گرمیوں کی وہ سوغات ہے جو لوگ تحفتاَ بھی ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔ علاوہ ازیں بچوں اور بڑوں کا پسندیدہ پھل ہونے کی بنا پر اسے موسمِ برسات میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ آموں کی بے شمار اقسام کے مختلف اور منفرد ذائقے ہیں۔

 

 

لذیذ پکوان: آلو کے پراٹھے، بیسن کی روٹی

بچوں اور بڑوں میں آلو کے پراٹھے بہت مقبول ہیں۔ اور بارش کےموسم میں فرمائش کیے جانے والے کھانوں میں سے ایک ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پودینے اور ٹماٹر کی چٹنی پراٹھوں کا لطف دوبالا کر دیتی ہے۔ اسی طرح بیسن کی روٹی گھر کے بڑے اور بزرگ شوق سے نوش فرماتے ہیں۔ اور زیادہ تر ساگ کے ساتھ کھانا پسند کرتے ہیں۔

 

مزیدار پکوان: سُوجی کا حلوہ

یوں تو پاکستان کے روایتی کھانوں میں حلوہ جات کا بڑا عمل دخل ہے۔ اور ان کی بے شمار اقسام ہیں۔ تاہم مون سون اور ساون کے موسم میں جلدی اور آسانی سے تیار ہو جانے والا سوجی کا حلوہ بچے اور بڑے دونوں پسند کرتے ہیں۔

 

 

باغوں میں پڑے جھولے

گھر کے باغیچے میں درخت ہو اور اس پہ جھولا نہ ہو۔ برسات کے موسم کے ساتھ بڑی بےمروتی ہے۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔

Farah Rehman

Farah Rehman is a journalist, content creator and writer with working experience of Pakistan's renowned News Channels, Radio and magazines.

Recent Posts

سی ڈی اے سیکٹرز، نجی و سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹیز کی آن لائن پراپرٹی ویریفیکیشن ویب سائٹ لانچ کر دی گئی

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک نئی ویب سائٹ…

12 مہینے ago

اسلام آباد: سری نگر ہائی وے پر پیدل چلنے والوں کیلئے پُلوں کی تنصیب

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے شہریوں کو…

12 مہینے ago

نیلامی کا آخری روز: سی ڈی اے کے 11 پلاٹس 13 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس…

1 سال ago

نیلامی کے دوسرے روز تک سی ڈی اے کے پانچ پلاٹس 11 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پلاٹوں کی نیلامی…

1 سال ago

نیلامی کے پہلے روز سی ڈی اے کے چار پلاٹ 7 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے…

1 سال ago

اسلام آباد: سی ڈی اے نے پراپرٹی ریکارڈ کی آٹومیشن کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں…

1 سال ago