اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان نے 25 سے 30 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں داخل ہونے، اور بالائی علاقوں میں 25 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان بارشوں کے پیشِ نظر 24 جون کی رات سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نیز اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر سکھر اور جیکب آباد میں 27 اور 28 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس سسٹم کے زیر اثر گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تاہم موسلا دھار بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ہے۔
مزید براں، مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے۔ اور ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ علاقوں کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا بھی امکان ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ نیز کسانوں کو موسم کی پیشنگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی معاملات ترتیب دینے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی، گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر اور بل بورڈز، بجلی کے کھمبے، کمزور چھتیں اور سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لہٰذا عوام کو آندھی اور تیز بارش کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کرنے کی ہدایات کی جاتی ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔