راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے راولپنڈی ڈویژن میں مجوزہ، زیرِتعمیر اور تکمیل شدہ 14 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر پر پابندی عائد کر دی۔
آر ڈٰی اے حکام کے مطابق 6 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مکمل طور پر غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان کی تشہیر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آر ڈی اے کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر تشہیر سے روکنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
یہ نوٹسز پنجاب ڈویلپمنٹ آف سیٹیز ایکٹ 1976ء اور پنجاب ڈویپلمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیم رولز 2021ء کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے محمد سیف انور کی ہدایات پر آر ڈی اے نے ان غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر کی صورت میں ملوث افراد اور مارکیٹنگ کے اداروں کے خلاف قانونی کاروائی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق 3 ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں دیگر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے لیے مختلف تھانوں میں درخواستیں جمع کروائی جا چکی ہیں۔
آر ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی رہائشی منصوبے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
آر ڈی اے کی جانب سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں اس حوالے سے درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے کہ ان غیرقانونی اور گمراہ کن تشہیر کرنے والے رہائشی منصوبوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام کو غیرتصدیق شدہ اور غیرقانونی رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے سے روکا جا سکے۔
آر ڈی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی تصدیق آر ڈی اے کی آفیشل ویب سائٹ سے ضرور کر لی جائے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔