Infrastructure

پنجاب کے کن شہروں میں ائیرپورٹ کی سہولت موجود ہے؟ ایک مختصر جائزہ

ترقی کی راہ پر گامزن ہمارا مُلک پاکستان زمینی، فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے سفر کے حوالے سے جدید سہولیات میں خود کفیل ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر سفری سہولیات کے لیے پانچ ایئرپورٹس موجود ہیں جہاں سے آپ اندرون و بیرونِ ملک پروازوں سے اپنی سفری ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

invest with imarat

Islamabad’s emerging city centre

Learn More

آج کی اس تحریر میں ہم پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع ایئرپورٹس کا مختصر جائزہ پیش کرنے جا رہے ہیں جس میں ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ یہ ایئرپورٹس پنجاب کے کِن اضلاع میں واقع ہیں اور یہاں کون کون سی سفری سہولیات موجود ہیں؟

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع پانچ بڑے ایئرپورٹس کون کون سے ہیں؟

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ
فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ
بہاولپور ایئرپورٹ

پاکستان کی کُل آبادی کا نصف سے زائد حصہ صوبہ پنجاب میں واقع ہے جبکہ صنعتوں اور زرعی شعبے کا مُلکی معیشت میں ایک بڑا حصہ ہونے کی وجہ سے صوبہ پنجاب تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بھی شمار کیا جاتا ہے۔

اگر سفری سہولیات کی بات کی جائے تو پنجاب میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ اندرون و بیرونِ ملک سفر کے لیے ایئرپورٹس بھی موجود ہیں جو سمندر پار پاکستانیوں، سرکاری افسران، سفارتکاروں اور کاروباری افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں کے قریب ترین فضائی سفری سہولیات کی تلاش میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہم نے اپنے قارئین کے لیے صوبے کے بین الاقوامی اور اندرونِ ملک سفری سہولیات سے آراستہ ہوائی اڈوں کی ایک فہرست مرتب کی ہے۔

آئیے! اِن ایئرپورٹس پر مبنی مفید معلومات کا ایک مختصر جائزہ لیتے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ

صوبائی دارالحکومت لاہور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح 2003 میں ہوا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے جس کا رقبہ 1364 ایکڑ ہے۔ اس سہولت سے نہ صرف لاہور بلکہ گرد و نواح کے قریبی علاقوں سمیت ملک بھر سے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے تقریباً تمام ایئرپورٹس کی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر انتظام ہے۔ اس کی سیکیورٹی کے تمام اُمور سول ایوی ایشن مینجمنٹ اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سرانجام دیتی ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ آپ لاہور رنگ روڈ کے ذریعے بھی باآسانی مذکورہ ایئرپورٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ تین ٹرمینلز پر مشتمل ہے جہاں اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے علاوہ عازمینِ حج کی آمد اور روانگی کے لیے حج ٹرمینل اور ایک عدد کارگو ٹرمینل بھی موجود ہے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جو قابلِ ذکر سہولیات دستیاب ہیں اُن میں مفت انٹرنیٹ وائی فائی، بینک، اے ٹی ایم مشین، منی ایکسچینج سروس، پورٹر کی خدمات، میڈیکل کی سہولت، کیفیٹیریا اور ریستوران، ڈیوٹی فری شاپس، موبائل چارجنگ اسٹیشنز اور کوچ سروس بکنگ کاؤنٹرز شامل ہیں۔

صوفیاء کے شہر ملتان میں بین الاقوامی ایئرپورٹ

صوفیاء کے شہر ملتان میں جدید طرزِ تعمیر اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے آراستہ اندرون و بیرونِ ملک پروازوں کے لیے ملتان کینٹ کے علاقے میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ موجود ہے جو کہ نہ صرف ملتان بلکہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع خانیوال، وہاڑی، پاکپتن، ساہیوال، راجن پور اور مظفر گڑھ کے شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تاریخ پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے سے قبل بیسویں صدی کے اوائل کے دور پر مشتمل ہے۔ درحقیقت موجودہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ 1934 سے قبل برطانیہ کی رائل ایئر فورس کی بیس کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا. تاہم موجودہ صدی میں اس ہوائی اڈے کی جدید بنیادوں پر تعمیر 2010 میں کی گئی جس کی تکمیل کے بعد جنوبی پنجاب کے شہریوں کے لیے یہاں سب سے پہلے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی حج پروازوں کا آغاز کیا گیا۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آمد کے ہال میں 135 مسافروں جبکہ روانگی کے ہال میں 300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ملتان میں چار لاؤنجز ہیں جن میں مسافروں کے لیے بزنس کلاس لاؤنج، سی آئی پی لاؤنج، ڈومیسٹک اکانومی کلاس لاؤنج اور انٹرنیشنل اکانومی کلاس لاؤنج شامل ہیں۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قابلِ ذکر سہولیات میں مفت انٹرنیٹ، اے ٹی ایم مشین، کیفے ٹیریا، دکانیں، موبائل چارجنگ اسٹیشنز، پروٹوکول اور پورٹر کی خدمات، بزرگ شہریوں کی خصوصی دیکھ بھال کی سہولت اور کوچ سروس بکنگ کاؤنٹرز شامل ہیں۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ

کھیلوں کے سامان بالخصوص بین الاقوامی معیار کے فُٹ بال بنانے والی صنعتوں کے شہر سیالکوٹ میں واقع انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا پہلا نجی ملکیت والا عوامی ہوائی اڈہ ہے جس کا رقبہ تقریباً 1014 ایکڑ ہے۔ نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح سے قبل اس ایئرپورٹ کو پاکستان میں سب سے طویل رن وے رکھنے کا اعزاز حاصل تھا۔ اسے پہلا گرین فیلڈ ہوائی اڈہ بھی کہا جاتا تھا اور ساتھ ہی پاکستان میں نجی ملکیت کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سے ایک ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

اس جدید ترین ایئرپورٹ کے انتظامی اُمور چلانے کا مرکز سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہے جبکہ یہ ایئرپورٹ ایک عدد مسافر ٹرمینل، گیسٹ ہاؤس، اے ٹی سی ٹاور، کارگو کمپلیکس، ایف سی آر بلڈنگ، واپڈا روم اور واٹر ٹاور پر مشتمل ہے۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ شہر میں ایئرپورٹ روڈ سے 14 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ مذکورہ ایئرپورٹ تک سیالکوٹ سے لاہور موٹروے کے ساتھ ڈسکہ روڈ اور سیالکوٹ سے وزیرآباد روڈ کے ذریعے بھی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مانچسٹر سے مماثلت رکھنے والے شہر فیصل آباد کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بلاشبہ پنجاب کے دیگر ہوائی اڈوں جیسا وسیع و کشادہ نہیں ہے لیکن یہ یقیناً خطے کے اہم ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ٹرمینل باقاعدہ طور پر 1967 میں تعمیر کیا گیا جبکہ 1972 میں حکومت نے مذکورہ ایئرپورٹ پر ایک نئے رَن وے کی تعمیر کی جس کے بعد دیگر اہم سہولیات جیسے جیٹ ایپرن، ایئر ٹریفک کنٹرول کی عمارت اور میٹ آفس قائم کیا گیا۔

بعد ازاں 1985 میں ہوائی اڈے کے احاطے میں ایک پریمیم لاؤنج کا اضافہ کیا گیا جبکہ 1993 میں فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سی آئی پی لاؤنج بھی تعمیر کیا گیا۔ فیصل آباد شہر سے براہِ راست حج آپریشن کی فلائٹس 1998 میں شروع ہوئیں۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جھنگ، چنیوٹ، جڑانوالہ، سرگودھا، گوجرہ، ڈی جی کوٹ، سانگلہ ہل اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر گرد و نواح کے علاقوں کے مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیرِ انتظام کام کرتا ہے جبکہ اس کے سیکیورٹی آپریشنز کی نگرانی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سرانجام دیتی ہے۔

یہ ایئرپورٹ شہر کے مرکز سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر جھنگ روڈ پر واقع ہے۔

چولستان سے متصل علاقے بہاولپور میں واقع ایئرپورٹ

بہاولپور ہوائی اڈہ 1986 میں قائم کیا گیا تھا حالانکہ اسے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے بحالیِ نو کا کام 2000 کی دہائی میں شروع ہوا تھا۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت پنجاب میں بہاولپور ایئرپورٹ کی بحالی کے لیے فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ چند سال قبل متحدہ عرب امارات کی حکومت کی نگرانی میں ایک نیا ٹرمینل تعمیر کیا گیا۔ اس کا نام متحدہ عرب امارات کے سابق حکمران شیخ راشد بن سعید المکتوم کے نام پر رکھا گیا جنہوں نے اس منصوبے کے لیے مالی امداد فراہم کی تھی۔

نومبر 2002 میں ہوائی اڈے کے 4400 فٹ طویل رَن وے کا پہلا حصہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے طور پر کھولا گیا تھا جبکہ 2007 میں دبئی کے نائب حکمران شیخ ہمدان بن راشد المکتوم نے ترقیاتی منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا تھا۔

ہوائی اڈے کی توسیع کی نگرانی وزارت دفاع اور دبئی سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر کر رہی ہے۔

بہاولپور ایئرپورٹ شہر کے مرکز سے تقریباً 3.7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔

Zeeshan Javaid

Recent Posts

سی ڈی اے سیکٹرز، نجی و سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹیز کی آن لائن پراپرٹی ویریفیکیشن ویب سائٹ لانچ کر دی گئی

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک نئی ویب سائٹ…

10 مہینے ago

اسلام آباد: سری نگر ہائی وے پر پیدل چلنے والوں کیلئے پُلوں کی تنصیب

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے شہریوں کو…

10 مہینے ago

نیلامی کا آخری روز: سی ڈی اے کے 11 پلاٹس 13 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس…

10 مہینے ago

نیلامی کے دوسرے روز تک سی ڈی اے کے پانچ پلاٹس 11 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پلاٹوں کی نیلامی…

11 مہینے ago

نیلامی کے پہلے روز سی ڈی اے کے چار پلاٹ 7 ارب سے زائد میں فروخت

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے…

11 مہینے ago

اسلام آباد: سی ڈی اے نے پراپرٹی ریکارڈ کی آٹومیشن کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں…

11 مہینے ago