پشاور: خیبر پختونخواہ کی حکومت نے پشاور کے علاقے سروزئی میں 15 ہزار مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ مکانات نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت بنائے جائیں گے۔
خیبر پختونخواہ کے وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے یہ اعلان سرکاری ملازمین کے لیے تعمیر کردہ مکانات کی بیلٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مکانات پاکستان ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی معاونت سے تعمیر کیے جائیں گے اور اِن کے لیے ریجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا چُکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مختلف ضلعوں میں سیٹلائٹ ٹاؤنز کی تعمیر بھی ہوگی اور اس ضمن میں متعلقہ انتظامیہ کو سائٹ کی نشاندہی کے لیے خطوط بھی لکھے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر علی کا کہنا تھا حکومت کوشاں ہے کہ معاشرے کے نچلے اور غریب طبقے کو اپنے گھر فراہم کیے جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اِس 28 کنال ہاؤسنگ سکیم پر زیادہ تر تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے اور کہا کہ پروجیکٹ کا بلاک بی اور ای رواں ماہ مکمل ہوجائےگا اور باقی 144 فلیٹوں پر کام رواں سال اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔
ہاؤسنگ سکیم کے پلاٹ بی پی ایس گریڈ 17 اور اُس سے اوپر کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر علی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم، جو کہ صوبے کی دوسری بڑی اسکیم ہے، پر بھی کام مکمل ہوچکا ہے اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ اس سال دسمبر میں مکمل کرلی جائے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لیے وزٹ کیجئے گرانا بلاگ۔