مہنگائی کے اس دور میں اپنے ذاتی گھر کی تعمیر ایک ایسے ادھورے خواب کی مانند ہے جس کی تعبیر کے لیے رقم اکھٹے کرتے انسان اپنی تمام عمر گزار دیتا ہے۔ کچھ خوش نصیب لوگ اپنے ذاتی گھر کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں لیکن ناکافی مالی وسائل کی بدولت بہت سے افراد کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گھر کی تعمیر ایک متوسط طبقے کی فیملی کے سربراہ کے لیے بلاشبہ ایک کھٹن ترین مرحلہ ثابت ہوتا ہے تاہم ایک مکمل منصوبہ بندی اور مربوط حکمتِ عملی کی بدولت تعمیراتی لاگت میں کمی لاتے ہوئے گھر کی تعمیر کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
یہاں ہم اپنے قارئین کی خدمت میں چند اہم معلومات پیش کرنا چاہیں گے جن کی مدد سے آپ نئے گھر کی تعمیراتی لاگت میں کمی لاتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے عمل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
پاکستان میں تعمیراتی صنعت سے وابستہ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے کو شروع کر نے سے قبل اس منصوبے کے ڈیزائن، منصوبے میں استعمال ہونے والے تعمیراتی مٹیریل اور مذکورہ شعبے کے زیر استعمال نت نئی ٹیکنالوجی پر ایک تحقیقی موازنے کو لازمی خاطر میں لایا جائے۔
تعمیراتی لاگت میں کمی اور ڈیزائنر کا کردار
گھر کی تعمیراتی لاگت میں کمی کا مکمل انحصار گھر کے ڈیزائن پر ہوتا ہے۔ ایک پیشہ ور ڈیزائنر بلاشبہ اپنی خدمات کے عوض چند روپے زیادہ ضرور طلب کر سکتا ہے لیکن یہ معمولی خرچہ آپ کے گھر کی تعمیر کی لاگت میں نمایاں کمی لانے کا سبب بن سکتا ہے۔
گھر کی تعمیر شروع کرنے سے قبل ہمیشہ ایک پیشہ ور ڈیزائنر کی خدمات حاصل کریں جو کہ نہ صرف اپنی مہارت سے آپ کے گھر کی تعمیراتی لاگت میں نمایاں کمی لانے بلکہ آپ کے گھر کو ایک منفرد اور دیدہ زیب شکل دینے میں بھی مدد گار ثابت ہو گا۔
یہ عام مشاہدے کی بات ہے کہ دنیا میں متعارف شدہ گھروں کے جدید اور نت نئے ڈیزائنوں کے مطابق اوپن کچن، ڈرائنگ روم اور ٹی وی لاؤنج کے لیے مشترکہ طور پر ایک ہی جگہ مختص کی جاتی ہے جو کہ نہ صرف دیکھنے میں دلفریب لگتی ہے بلکہ ایسی منصوبہ بندی گھر کی تعمیراتی لاگت میں بھی کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعمیراتی صنعت میں اب گھروں کی تعمیر میں گھر کے مختلف حصوں کو ایک جگہ یکجا کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔
اوپن باورچی خانے، ڈرائنگ روم اور ڈائننگ ایریا کو یکجا کر کے ایک ہی جگہ تعمیر پر کم اخراجات آئیں گے بجائے اس کے کہ ہر ایک جگہ کے لیے الگ کمرہ تعمیر کیا جائے۔
عام فہم میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ گھر کا ڈیزائن جتنا پیچیدہ ہو گا اتنا ہی آپ کی جیب پر بوجھ بڑھے گا۔
تعمیراتی مٹیریل کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ
گھر کی تعمیر شروع کرتے وقت اپنے بجٹ کو سامنے رکھیں اور تعمیراتی مٹیریل کی لاگت کا مارکیٹ میں تقابلی جائزہ لینا شروع کر دیں۔ بہت ممکن ہے سیمنٹ کی جو بوری آپ کو آج 3000 روپے کی مارکیٹ میں دستیاب ہے وہ مہنگائی میں اضافے کے باعث ایک ماہ بعد آپ کو اس قیمت پر نہ مل پائے۔
اسی طرح سریا، بجری، ریت، اینٹیں، سینیٹری کا سامان، ٹائلز، بجلی کا سامان، دروازے اور لکڑی کا سامان وغیرہ اس تمام مٹیریل کی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے واقفیت انتہائی ضروری ہے۔ کیونکہ ترتیب شدہ بجٹ میں رہتے ہوئے آپ مارکیٹ کے تقابلی جائزہ کی مدد سے دستیاب تعمیراتی مٹیریل کی کم قیمت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
گھر کی تزئین و آرائش کے لیے مربوط حکمتِ عملی
گھر کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بعد اگلا مرحلہ گھر کی تزئین و آرائش کا ہوتا ہے۔ اس مرحلے کے دوران ہونے والے تمام اخراجات کا انحصار مکمل طور پر آپ کی اپنی جیب پر ہوتا ہے۔ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت آپ ایک ترتیب کے ساتھ گھر کی تزئین و آرائش کا سلسلہ شروع کر سکتے ہیں۔
اسی طرح موسم کی مناسبت سے گھر کا اندرونی درجہ حرارت قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ گھر کی دیواروں اور چھتوں کی انسولیشن سے متعلق کسی ماہر اور پیشہ ور شخص کی خدمات حاصل کریں۔ انسولیشن کا عمل گھر کی تعمیر کے دوران ان چند عوامل میں سے ایک ہے جو مناسب رقم کے ساتھ آپ کے گھر کے اندرونی درجہ حرارت کو معتدل رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور گھروں کو گرم اور ٹھنڈا رکھنے پر اٹھنے والے اضافی بھاری بھرکم اخراجات سے آپ بچ سکتے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک نئی ویب سائٹ…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے شہریوں کو…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارےکیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پلاٹوں کی نیلامی…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے…
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں…