اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے بارہ کہو مرکزی انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کو بارہ کہو کا علاقہ اسلام آباد کی میونسپلٹی میں شامل کرنا چاہئیے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ بارہ کہو وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے تجارتی مراکز میں سے ایک بن چکا ہے۔ عدم توجہ کی وجہ سے علاقے کے تاجروں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے سی ڈی اے بورڈ ممبر کی حیثیت سے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ بارہ کہو مرکزی انجمن تاجران کے وفد کی قیادت مرکزی انجمن تاجران بہارہ کہو کے صدر راجہ زاہد دھنیال نے کی۔
علاوہ ازیں آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ وہ سی ڈی اے کے چیئرمین سے درخواست کریں گے کہ بارہ کہو مارکیٹ کا دورہ کر کے تاجروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں۔ اور پھر ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بارہ کہو کے تاجروں کی بہتری کے لیے آئی سی سی آئی ان کی ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
مرکزی انجمن تاجران بارہ کہو کے صدر راجہ زاہد دھنیال کا کہنا تھا کہ بارہ کہو علاقے کے مسائل فوری طور پر حل نہیں ہوئے کیونکہ یہ ایک دیہی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کو اس کی مناسب ترقی کے لیے اسلام آباد کی میونسپل حدود میں شامل کیا جانا چاہیے۔ نیز سملی ڈیم روڈ کی حالت ابتر ہو چکی ہے۔ اسی طرح نئے کھولے جانے والے بائی پاس کے نیچے کی سڑک بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔ جس کی فوری مرمت کی ضرورت ہے۔
مزید یہ کہ بارہ کہو میں سیوریج کے سنگین مسائل ہیں جبکہ نکاسی آب کا نظام بھی ٹھیک سے کام نہیں کر رہا۔ بارہ کہو میں صفائی کے انتظامات تقریباً نہ ہونے کے برابر تھے، جبکہ بارہ کہو مارکیٹ میں بھی فلٹریشن پلانٹ اور پبلک ٹوائلٹس کی ضرورت تھی۔ اور نہ ہی بارہ کہو مارکیٹ میں پارکنگ کی کوئی سہولت دستیاب ہے۔ لہٰذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ علاقے میں ایک کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے۔ آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے بھی سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد پر زور دیا کہ وہ بارہ کہو کو جدید خطوط پر استوار کریں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔