اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ہنگری کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے 50 لاکھ روپے لاگت پر مشتمل ادویات کی کھیپ موصول ہو گئی ہے۔
این ڈی ایم اے حکام کے مطابق چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے ہنگری کی سفیر بیلا فازیکاسنڈ پیٹر زیلی کا استقبال کیا۔ ہنگری کی سفیر نے اس موقع پر ہنگری کی جانب سے بھیجا گیا 50 لاکھ روپے لاگت پر مشتمل ادویات کے عطیہ کا ڈونیشن لیٹر این ڈی ایم اے چیئرمین کے حوالے کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے ہنگری کی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی خوراک اور حفظانِ صحت سے متعلقہ مصنوعات کی خریداری کے لیے ہنگری کی حکومت کی جانب سے مالی امداد کی پیشکش بھی کی۔
سفیر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کراچی میں مقیم ہنگری کے اعزازی کونسل مخدوم عمر شہریار کی جانب سے سندھ میں خوراک، خیمے اور ادویات پر مشتمل 60 لاکھ روپے کا امدادی سامان سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کیا گیا۔
این ڈی ایم اے حکام کے مطابق ہنگری کی سفیر کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی جلد از جلد بحالی کے لیے ہنگری صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا تاکہ بحالی کے عمل میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ہنگری کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مزید امداد کی پیشکش کے لیے این ڈی ایم اے چیئرمین نے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔