گھر کے صاف ستھرے در و دیوار نہ صرف خواتین کے امورِ خانہ داری کی طرف رجحان اور سگھڑپن کے مرہونِ منت ہوتے ہیں بلکہ تعمیراتی کاموں میں استعمال کئے گئے مٹیریل اور بہترین یا ناقص کارکردگی کا پول بھی کھول دیتے ہیں۔ سیم زدہ یا ٹپکتی دیواریں گھر کے مہنگے اور خوبصورت انٹیریئر کے ساتھ نا انصافی ہے، جن کا فوری حل نہ نکالا جائے تو گزرتے دنوں کے ساتھ مزید خرابی اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سیم زدہ دیواروں کی پہچان
پھولی ہوئی، پانی اور نمی سے بھرپور، دراڑیں، اکھڑتا پینٹ یا رنگ و روغن، بدنما نشانات اور داغ یا پھر بدبودار احساس پہچان ہیں کسی بھی نَم یا سیم زدہ دیوار کی۔ ان دیواروں پر عارضی رنگ یا پینٹ کروانے کے نتیجے میں یا ان پر مختلف ڈیکوریشن پیس اور پینٹنگز آویزاں کرنے سے انہیں چھپا تو دیا جاتا ہے لیکن وہ کمرہ یا مقام کسی بھی الرجی کے مریض کے لیے طبیعت کی سخت ناسازی یا جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی لیے ظاہری آرائشی سجاوٹ سے آراستہ کمرے اور جگہوں کی سیم زدہ بدبو سے بھی پہچان ممکن ہے۔
پانی دیوار میں جانے سے روکیں
سب سے آسان حل یہ ہے کہ آپ دیوار میں جاتے ہوئے پانی کو روکیں۔ اکثر باتھ روم، کچن یا باغیچے کے ساتھ تعمیر شدہ دیواریں سیم زدہ ہو جاتی ہیں۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آہستہ آہستہ سارا رنگ و روغن اُکھڑ جاتا ہے اور دیوار پر پانی کے بدنما داغوں کے نشان پڑ جاتے ہیں۔ یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ باریک سے باریک جگہوں سے بھی پانی اپنا راستہ بناتا ہوا کسی بھی دیوار یا فرش میں سرائیت کر جاتا ہے۔ لیکن کیا پانی روکنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کہنا۔ اس پر ہم آگے چل کر روشنی ڈالتے ہیں۔
دیواریں لیک کیوں ہوتی ہیں؟
آج کل تعمیرات کے دوران بنیادوں کی بھرائی اور پھر ان پر بنے کالم جن کی بالائی سطحوں پر بیمز بنائی جاتی ہیں، کنکریٹ یا سرخ پکی ہوئی اینٹوں سے تیار کی جاتی ہیں، ناقص مٹیریل یا اینٹوں اور بلاکس کو مضبوط کرنے کے لیے لگائے جانے والے سیمنٹ اور ریت کے مسالے کا کم یا نامناسب استعمال دیواروں میں باریک اور نہ نظر آنے والے سوراخ بننے کا سبب بنتا ہے اور یوں پانی کے گزر اور جمع ہونے کا باعث بن جاتا ہے۔
دیوار میں پانی داخل ہونے کا مقام
سب سے پہلے آپ کو دیوار میں پانی داخل ہونے کی وجہ جاننا ہے یعنی موسمی خرابی اور بارش، دیوار کے قریب باتھ روم یا باغیچہ جہاں روز پانی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اور پھر وہ راستہ یا پوائنٹ جہاں سے پانی دیوار میں داخل ہو رہا ہے۔ اگر اس کی وجہ موسمی خرابی یعنی بارش اور طوفان ہے تو آپ کو دیوار یا چھت پر براہِ راست پانی پڑنے سے روکنا چاہیئے کیونکہ اکثر ساون بھادوں میں ہونے والی شدید بارشیں ایسی صورتحال پیدا کر دیتی ہیں۔ لیکن اگر اس کی وجہ گھر کے اندر پانی کے استعمال اور بہاؤ سے ہے تو آپ کو باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا تاکہ اس مسئلے سے نجات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
گھر کے کونسے حصے واٹر پروف بنانا ضروری ہیں؟
چھت اور بالکونی
کسی بھی گھر کی چھت یا بالکونی کو واٹر پروف بنانا نہایت ضروری ہے۔ چھت وہ مقام ہے جہاں سے پانی بآسانی گھر کی تمام دیواروں میں داخل ہو سکتا ہے اور اگر آپ کی چھت کی سطح کا بہاؤ پانی کے پائیپوں کی جانب مناسب ڈھلوان کے ساتھ نہیں بنا ہوا تو تب بھی آپ کے لیے مشکل پیدا ہو سکتی ہے۔ چھت پر پانی جمع رہنےکے سبب گھر کا کوئی بھی حصہ اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ اسی طرح بالکونی میں آتا بارش کا پانی یا اس کے قریب سے گزرتے پائپ بھی سیم کی وجہ بن سکتے ہیں۔
باتھ روم اور بیسمنٹ
گھر میں تعمیر تہہ خانے اکثر پانی جمع ہونے کا سبب آسانی سے بنتے ہیں ان کی وجوہات میں بالائی منزلوں سے گرتا یا ٹپکتا پانی اور زمین کے نیچے بہنے والے گٹر یا پائپ لائنز ہو سکتے ہیں۔ اور مندجہ بالا ذکر کے مطابق باتھ روم سیم کی وجہ بننے والی عام وجوہات میں سے ایک ہے۔
بیرونی دیواریں
گھر کی بیرونی دیواریں تمام موسمی حالات کی شدت کا براہِ راست سامنا کرتی ہیں۔ جس کی بدولت پینٹ اور رنگ و روغن بھی مستقل نہیں ٹھہر سکتے، اور اکثر دیوار کے باہر یا گھر کی اندرونی طرف پانی کی مجودگی سیم کا باعث بنتی ہے۔ پانی کی بے پناہ مقدار اکھٹی ہو جانے کے باعث دیوار جُھک جاتی ہے یا پھر ایک طرف سے زمین میں دھنسنے لگتی ہے۔ جنہیں واٹر پروف کرنا ضروری ہوتا ہے۔
دیواریں واٹر پروف کیسے بنائیں؟
واٹر پروف دیواروں کے لیے مارکیٹ میں پینٹ، سلیکون اور کنکریٹ سیلر دستیاب ہیں۔
واٹر پروف پینٹ
مارکیٹ میں دستیاب کچھ واٹر پروف پینٹس صحیح معنوں میں بہترین واٹر پروف ہیں جو نمی اور گرمائش کو روکنےکا باعث بنتے ہیں۔ جن کی ٹھیک پہچان اور انتخاب آپ کے مسئلے کا حل بن سکتا ہے۔
کسی ماہر رنگ و روغن کرنے والے کے ہاتھ دیواروں کو جاذبِ نظر بنانے کے علاوہ مکمل واٹر پروف بھی بنا سکتے ہیں۔
کنکریٹ کوٹ
دیواروں پر کنکریٹ کوٹنگ ایک مفید حل ہے۔ یہ سمینٹ کی طرز پر مبنی کوٹنگ ہوتی ہے جو دیوار کو واٹر پروف بنا کر سیم سے محفوظ رکھتی ہے۔ یہ کوٹنگ زیادہ تر تہہ خانوں اور باتھ رومز میں استعمال کی جاتی ہیں جہاں نمی کا زیادہ اندیشہ ہوتا ہے۔
سلیکون واٹر پروف سیلنٹ
دیواروں میں پڑی دراڑیں واٹر پروف کرنے کے لیے سلیکون سیلنٹ ایک ایسی چیز ہے جو مارکیٹ میں بآسانی دستیاب ہوتی ہے۔
یہ کچن اور باتھ رومز میں سنک ایریا کو واٹر پروف کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ آپ اس پروڈکٹ کو اپنے سنک اور دیوار کے درمیان جوڑوں اور سوراخوں کو بند کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں تاکہ نمی کو دور رکھا جا سکے۔ بیت الخلاء، باتھ ٹب اور یہاں تک کہ کھڑکیوں کے ارد گرد بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔
سلیکیٹ کنکریٹ سیلر
سلیکیٹ پر مبنی کنکریٹ سیلر دیگر سیلرز کے مقابلے میں تھوڑا زیادہ مہنگا ہو سکتا ہے، لیکن یہ تہہ خانے کی دیواروں اور دیگر سطحوں کے درمیان چھتوں کو واٹر پروف کرنے کا ایک مؤثر ترین طریقہ بھی ہے۔
سلیکیٹ سیلرز کنکریٹ میں گھس جاتے ہیں اور کیلشیم سلیکیٹ ہائیڈریٹ بنانے کے لیے سطح کے ساتھ کیمیائی طور پر رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ پھر یہ کنکریٹ کے سوراخوں کو بھرتا ہے اور نمی کے خلاف رکاوٹ بناتا ہے۔ اگر صحیح طریقے سے لگایا جائے تو یہ کنکریٹ کی شکل بدلے بغیر اس کی کثافت اور طاقت کو بھی بڑھاتا ہے۔
تاہم، آپ مائع سلیکیٹ سیلر کو صرف بغیر پینٹ اور بغیر سیل شدہ سطحوں پر سپرے کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، سطح کو مناسب طریقے سے واٹر پروف کرنے کے لیے اس سیلنٹ کی متعدد ایپلی کیشنز کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ دوسری قسم کی واٹر پروفنگ مصنوعات کے لیے بھی یہی مناسب ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔