پلستر کی دیواروں کی صفائی ایک مشکل امر ہے۔ اکثر گھروں میں دیکھا گیا ہے کہ دیواروں پر داغ پڑ جاتے ہیں اور لوگ پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ کیسے دیواروں کی صفائی کی جائے۔
آج کے بلاگ میں ہم آپ کی یہ مشکل آسان کرتے ہوئے بتائیں گے کہ کیسے آسانی سے آپ خود یہ مشکل کام سرانجام دے سکتے ہیں۔
ہلکے داغوں کی صفائی
صفائی شروع کرنے سے قبل ویکیوم کلینر کو گندگی سے خالی کر دیں۔ صفائی کے لئے ایک عدد سیڑھی کا بندوبست کریں۔ اس کے بعد اپنے ویکیوم کلینر کے ساتھ صفائی والے برش کو جوڑیں۔ اس کے بعد دیوار کا ایک حصہ چُنیں۔ پھر دیوار کو اوپر سے شروع کریں اور ایک جانب سے دوسری جانب صفائی کرتے جائیں۔
یہ عمل تب تک جاری رکھیں جب تک دیوار کے نچلے حصے تک نہ پہنچ جائیں یعنی کہ فرش تک۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ اس عمل کے بعد آپ کی دیواریں کافی حد تک صاف ہو چکی ہیں تو آپ کو یہ عمل روک دینا چاہئے۔ صفائی کے دوران اس بات کا خاص دھیان رکھیں کہ دیوار پر دباؤ نہ ڈالا جائے اور ویکیوم کلینر کو گندگی اپنے اندر کھینچنے دیا جائے۔
اس عمل کے بعد آپ ایک عدد گرم پانی کی بالٹی اور اسپنج کا انتظام کریں۔ اب دیوار کو اسپنج سے صاف کرنے کی باری ہے۔ اس عمل میں ساتھ ساتھ اسپنج کو بھی نچوڑتے جائیں تاکہ اسے صاف پانی میں دوبارہ بِھگویا جا سکے۔ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ دیوار کی صفائی محض گرم پانی سے ناممکن ہے تو اس میں ڈیٹرجینٹ بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
اسپنج اور سادہ پانی یا ڈیٹرجینٹ ملے پانی سے دیوار کی صفائی کے لئے اس کا ایک حصہ چُن لیجئے۔ اس کے بعد چھت کے قریب کے حصے سے بائیں سے دائیں جانب صفائی شروع کر دیں اور یہ عمل کرتے جائیں جب تک کہ آپ فرش تک نہ پہنچ جائیں۔ صفائی کے عمل دوران دستانے پہنے رکھیں تاکہ آپ کے ہاتھ محفوظ رہیں اور خراب نہ ہوں۔
اس عمل کے بعد دیوار کو خشک تولیے سے خشک کر لیں۔ دیوار خشک کرنے کا عمل بھی اسی طریقہء کار کے تحت ہو گا جس کے تحت صفائی کی گئی تھی۔ اس عمل کے لئے ضروری ہے کہ ایسا تولیہ استعمال کیا جائے جو کہ نرم ہو اور دیوار کے پینٹ کو اس سے کوئی نقصان نہ ہو۔
سخت داغوں کی صفائی
سخت داغوں کی صفائی کے لئے سب سے پہلے ہم ایک محلول تیار کریں گے۔ اس مقصد کے لئے سب سے پہلے ہلکے ڈیٹرجینٹ کو پانی میں ملا لیں تاکہ اس میں بلبلے بننا شروع ہو جائیں۔ اس کے بعد پانی کے گیلن میں 1 کپ امونیا، آدھا کپ سرکہ اور ایک چوتھائی کپ بیکنگ سوڈا ملا لیں۔
اس بنائے گئے محلول کو سب سے پہلے ٹیسٹ کر لیں۔ ٹیسٹ کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس کو پوری دیوار کے بجائے دیوار کے ایک خاص حصے پر استعمال کریں جہاں داغ زیادہ ہو۔ اسپنج کو محلول میں بِھگو کر اس سے دیوار کے ایک حصے کو صاف کریں اور اس کے بعد اس جگہ کو خشک کر لیا جائے۔ اگر دیوار کے اس حصے پر کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں رہ جاتا، تو پھر آپ اس محلول کو پوری دیوار پر استعمال کر سکتے ہیں۔
اب پوری دیوار کی صفائی کے لئے اس بنائے گئے محلول میں اپنے اسپنج کو گیلا کریں۔ پھر اس کو نچوڑ کر اس میں سے زائد نمی نکالیں۔ اس کے بعد اس کو دیوار کے داغ والے حصوں پر گولائی میں رگڑنا شروع کر دیں۔ جس جگہ پر گہرے داغ ہوں اس جگہ کو اچھی طرح صاف کر لیں۔ کافی یا چائے کے داغ صاف کرنے کے لئے یہی کافی رہے گا۔
اِس محلول کا اثر سخت ہونے کی وجہ سے آپ کو یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ اس کا استعمال صرف ان حصوں پر کریں جہاں گہرے داغ ہوں۔ پوری دیوار پر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو اس عمل کو دہرایا جا سکتا ہے۔
اگر اس محلول سے دیوار کے داغ اچھی طرح صاف نہیں ہوئے تو ایک مختلف محلول اس عمل کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آپ بیکنگ سوڈا کے پیسٹ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ پھر، اس کو بھی تمام داغوں پر استعمال سے پہلے دیوار کے ایک داغ پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بیکنگ سوڈا کا پیسٹ بنانے کے لئے آدھا کپ بیکنگ سوڈا چند کھانے کے چمچ پانی میں ملا دیں۔ اس کو اچھی طرح مکس کر کے اسپنج پر لگا دیں اور اس سے دیوار کے داغ صاف کریں۔
دیوار کی صفائی کے بعد دیوار سے محلول صاف کرنے کے لے نرم کپڑے یا خشک اسپنج کا استعمال کریں۔ نرم کپڑے یا اسپنج کو اس وقت تک گولائی میں رگڑیں جب تک دیوار صاف نظر نہ آ جائے۔
دیوار سے پینٹ کو کیسے ختم کیا جائے؟
دیوار سے پینٹ کُھرچنے یا ختم کرنے کی صورت میں فرش پر اچھا خاصا کوڑا کرکٹ پھیل سکتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ یہ عمل شروع کرنے سے قبل فرش پر کپڑا بچھا دیا جائے اور جب آپ کام کر چکیں تو اس کُھرچے ہوئے پینٹ کے کپڑے کو اٹھا کر کوڑے دان میں پھینک دیا جائے۔
پینٹ کھرچنے کے لئے ضروری ہے کہ پینٹ کھرچنے والے چپٹی شکل کے خاص چاقو کا بندوبست کیا جائے۔ اکثر گھروں میں دیکھا گیا ہے کہ پینٹ کہ کچھ حصے پہلے سے ہی ڈھیلے ہو چکے ہوتے ہیں۔
ایسی صورت میں پینٹ کھرچنے والے خاص چاقو کو اس ڈھیلے حصے کے نیچے رکھ کر اس کو کھرچنا شروع کر دیں۔ کوشش کریں کہ چاقو کے کونوں کے بجائے چپٹی سائیڈ کا استعمال کریں تاکہ دیوار کے پلستر کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ وہ چھوٹے پینٹ کے ٹکڑے جو کھرچے نہیں جا سکتے ان کو سینڈ پیپر سے رگڑ کر ختم کریں۔ پینٹ ختم کرنے کے بعد گیلے تولیے یا اسپنج سے دیوار کو اچھی طرح صاف کر لیں۔
دیوار سے پینٹ ختم کرنے کا یہ طریقہء کار آپ کو معلوم ضرور ہونا چاہئے لیکن بہتر یہی ہے کہ کام کسی ماہر پروفیشنل سے کروایا جائے۔ خود کرنے کی صورت میں نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
گھر کی دیوار پر لگے ہلکے یا گہرے داغ آپ مذکورہ بالا طریقہء کار کے تحت خود بھی صاف کر سکتے ہیں لیکن دیوار سے پینٹ ختم کرنے کا کام ایک نازک عمل ہے اس لئے کسی پروفیشنل سے کروانا ہی تجویز کیا جاتا ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔