راولپنڈی: حکومتِ پنجاب نے نئے بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ سمیت دیگر اہم میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز مختص کر دیے۔
حکام کے مطابق ان میگا پراجیکٹس میں راولپنڈی رنگ روڈ، ایکسپریس وے، کچہری چوک، انڈر پاسز، 3 اسپتال، 6 ڈیمز، روڈ انفراسٹرکچر، اسپورٹس، صحت، اور واٹر سپلائی کے پراجیکٹس شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کے لیے 6 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ایکسپریس وے پراجیکٹ کے لیے 12 کروڑ روپے اور کچہری چوک پر ڈبل انڈر پاس پراجیکٹ کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اگر ڈیمز کی بات کی جائے تو پنجاب حکومت کی جانب سے چہان ڈیم کے لیے 1 ارب روپے، ڈھڈھوچہ ڈیم کے لیے 20 کروڑ روپے، موہٹہ ڈیم کے لیے 25 کروڑ روپے سمیت دیگر ڈیمز کے لیے بھاری رقم مختص کی گئی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ راول ڈیم واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے 20 کروڑ روپے اور زیرِ زمین پانی زخیرہ کرنے والے ٹینکس کے لیے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
اگر ہیلتھ سیکٹر کی بات کی جائے تو پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی کے لیے 33 کروڑ روپے، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال راولپنڈی کی نئی مشینری خریدنے کے لیے 90 کروڑ 40 لاکھ روپے، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ہاسٹل کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ اور مری میں 100 بیڈ پر مشتمل ماں اور بچہ اسپتال کی تعمیر کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسپورٹس سیکٹر کے لیے بھی بھاری فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ مری میں ضلعی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 70 لاکھ روپے اور چکوال میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔