اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آج دوحہ میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ دونوں اطراف سے نامزد فوکل پرسنز سرمایہ کاری کے لیے اہم تجاویز پر مشاورت کریں گے۔
قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی سے ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان اور اعلیٰ حکام بھی تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر بہترین سیاسی تعلقات کو ایک جامع اقتصادی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کی مصروفیات بالخصوص قابل تجدید توانائی بشمول شمسی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار، ہوا بازی، سمندری، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مہمان نوازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے منفرد جغرافیائی اور آبادیاتی فوائد کو اجاگر کیا۔ پاکستان کی لبرل اور کاروبار دوست سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے قطرکو پاکستان کے توانائی، ہوا بازی، زراعت اور لائیو سٹاک، میری ٹائم، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اس موقع پر کیو آئی اے کے وفد نے پاکستان کو ایک ترجیحی ملک قرار دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فعال طور پر تلاش کرنے کے لیے کیو آئی اے کی گہری دلچسپی اور تیاری کا اظہار کیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔