راولپنڈی: پنجاب حکومت کے زیر انتظام راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے تفصیلی جائزہ کے بعد لئی ایکسپریس وے منصوبے کے مالیاتی امور کی باقاعدہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ ترقیاتی منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 70 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
یہ منصوبہ حکومتی اور نجی اداروں کی شراکت سے تعمیر کیا جائے گا جبکہ مذکورہ منصوبے کی دیگر سہولیات میں اب سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا منصوبہ بھی شامل کر لیا گیا ہے تاکہ مون سون کے موسم میں شدید بارشوں کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑے ہونے اور عوام کے لیے دیگر مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
وفاق اور پنجاب کی صوبائی حکومت اس منصوبے کی تعمیر کے لیے برابری کی سطح پر مجموعی طور پر 48 ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبے سے جڑے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گا۔
لئی ایکسپریس وے کا مقصد شہر کے سیوریج کا بہتر انتظام کرنا اور راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والی ایک متبادل سڑک کی فراہمی ہے جس سے مری روڈ، پشاور روڈ اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لیے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔