اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت سندھ کے 14 اضلاع میں 444 ارب روپے کے تحت ترقیاتی منصوبے سر انجام دے گی۔
سندھ میں ترقیاقی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق منعقدہ اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے چودہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبوں کا مقصد صوبے میں رہنے والے شہریوں کے سماجی و اقتصادی حالات بہتر کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ صوبہ سندھ کے کم ترقی یافتہ دیہی علاقوں کو ترجیح دی جائے اور ان علاقوں میں خوشحالی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان حیدر آباد اور سانگھڑ میں اسپورٹ کمپلکسز کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔
ترقیاتی منصوبوں میں سڑکوں، موٹر ویز، ہاؤسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، ہائر ایجوکیشن، ووکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلویز، توانائی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔