اسلام آباد: ملک بھر میں معمول سے زائد بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث متاثرین میں تیزی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ صوبہ سندھ، خیبرپختونخواہ اور جنوبی پنجاب کے متاثرین ان وبائی امراض سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
محکمہ صحت نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ وبائی امراض سامنے آ رہے ہیں۔جس کے تحت جنوبی پنجاب کے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین مختلف وبائی امراض اور بیماریوں میں مبتلا ہیں جن میں37 ہزار سے زائد سانس کی بیماریوں کا شکار ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 33 ہزار سے زائد سیلاب زدگان خارش اور جلدی امراض میں مبتلا ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے 17 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین ڈائریا اور دیگر پیٹ کی بیماریوں کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کے تولیدی صحت کے ادارے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے مطابق رواں برس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں حاملہ خواتین ہیں، جن میں سے 73 ہزار کے ہاں آئندہ ماہ ولادت متوقع ہے۔ ان خواتین کو فوری دیکھ بھال اور طبی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔