اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے راولپنڈی رنگ روڈ اور راولپنڈی میں لئی ایکسپریس وے منصوبے کیلئے زمین کی خریداری سمیت 265 ارب روپے سے زائد مالیت کے 4 بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔
قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حیدرآباد سکھر موٹر وے کیلئے 191 ارب 47 کروڑ، لئی ایکسپریس وے کی تعمیرکیلئے 24 ارب 96 کروڑ مختص کردئیے گئے۔
حیدرآباد سکھر موٹر وے کے نظر ثانی شدہ منصوبہ بی او ٹی موڈ میں تعمیر ہوگا اور این ایچ اے اس منصوبے کو مکمل کریگا۔ مذکورہ منصوبے کے تحت 306 کلومیٹر طویل چھ رویہ موٹر وے تعمیر کی جائیگی۔
ایکنک نے راولپنڈ ی میں لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئےاراضی کی خریداری اور فلڈ چینل کیلئے 24 ارب 96 کروڑ روپے کی منظوری دی اور حکام کو ہدایات جاری کیں کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کی جانب سے منظوری تک کوئی اخراجات نہ کئے جائیں ۔
یہ منصوبہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی مکمل کریگی اس کیلئے نالہ لئی کے ساتھ 750 کینال اراضی حاصل کی جائیگی۔ ایکنک نے راولپنڈی میں رنگ روڈ کے مرکزی منصوبے آر تھری کی تعمیر کیلئے 23 ارب 60 کروڑ روپے کی بھی منظوری دی اور یہ شرط عائد کی کہ منصوبے کے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کی شمولیت اورمنصوبے پر پلاننگ کمیشن سے بھی رائے لی جائے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ