کسی بھی گھر کے دروازے اُس کی شان و شوکت میں اضافہ کرتے ہیں۔ آج ہم آپ کو دروازوں کی مختلف اقسام کے بارے میں آگاہ کریں گے جو معلومات گھر کی تعمیر میں آپ کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔
دروازے گھر کے تحفظ اور حُسن و جمال کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ اچھے اور پائیدار دروازے خریدنا ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے۔ آئیے دروازوں کی مختلف اقسام کے بارے میں آپ کو آگاہ کرتے ہیں۔
یو پی وی سی دروازے
یہ دروازے آج کل بہت زیادہ استعمال ہورہے ہیں کیونکہ یہ واٹر پروف ہونے کے ساتھ ساتھ دیرپا اور کم قیمت بھی ہیں۔ پی وی سی دروازے اس طرح سے تیار کئے جاتے ہیں کہ یہ نمی اور گرمی کی مزاحمت باآسانی کر سکتے ہیں۔ مختلف ڈیزائن اور رنگوں کی اقسام پی وی سی دروازوں کو واش روم اور کچن کے داخلی دروازوں کے لئے موزوں انتخاب بنا دیتے ہیں۔
فائبر کے دروازے
یہ دروازے اپنی پُرکشش شکل، مختلف ڈیزائنز میں دستیابی اور کم قیمت ہونے کے باعث صارفین کو پسند آتے ہیں۔ اِن کے واٹر پروف ہونے کی خصوصیت کے باعث یہ گھر کے مرکزی داخلی دروازے، بیڈرومز اور واش رومز کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ ان دروازوں کو کسی قسم کی پالش کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ یہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
پینل دروازے یا پلائی دروازے
یہ مختلف شکلوں اور ڈیزائن میں دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ قوتِ خرید میں ہونے کے باعث گھروں اور دفاتر کے لئے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
یہ اندرونی اور بیرونی حصے میں استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ پلائی کے دروازے مختلف اقسام میں دستیاب ہوتے ہیں جو درج ذیل ہیں:
ایش وُڈ پلائی دروازے
میلامائن دروازے
ملیشین دروازے
لوکل یا مقامی پلائی دروازے
سن لائٹ پلائی دروازے
ٹھوس لکڑی کے دروازے
یہ دروازے گھر کو خوش شکل بنانے میں نہایت موزوں انتخاب سمجھے جاتے ہیں۔ یہ دروازے زائد قیمت کے ہوتے ہیں اور گھروں یا دفاتر کے داخلی دروازے کے طور پر نصب کئے جاتے ہیں۔
ان دروازوں کا بنیادی میٹیرل لکڑی ہی ہوتا ہے جس کی کچھ اقسام درج ذیل ہیں جو ان دروازوں میں استعمال ہوتی ہیں:
دیار لکڑی
درآمد شدہ لکڑی
لوکل یا مقامی لکڑی
ایش وُڈ
ڈبلیو پی سی یا مصنوعی مادی دروازے
دروازوں کی یہ قسم اپنی انفرادیت رکھتی ہے۔ یہ گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ وہ افراد جو واٹر پروف اور دیمک سے محفوظ دروازے ڈھونڈ رہے ہیں ان کے لئے یہ اچھا انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔
اسٹیل کے دروازے
اسٹیل ایک ایسا میٹیرل ہے جو گھروں کی تعمیر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ اپنی پائیداری کی وجہ سے عوامی انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ اسٹیل سے تیار کردہ دروازے گھر کے اندرونی اور بیرونی دونوں حصوں میں استعمال ہوتے ہیں اور مختلف پرکشش ڈیزائنز میں دستیاب ہوتے ہیں۔
گھروں کے مالکان مضبوطی کی بِنا پر ان کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ لکڑی کے دروازوں کی نسبت سستے ہوتے ہیں۔ ان کو پینٹ کرنا بھی نہایت آسان سمجھا جاتا ہے۔
شیشے کے دروازے
یہ گھر کے اندرونی حصے کے لئے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گھر کو جاذبِ نظر اور نفیس بنانے میں بھی بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ عام طور پر اسٹیل یا ایلومینیم کے فریم میں بند ہوتے ہیں۔ ان کے خوبصورت دِکھنے کے لئے ان کی باقاعدگی سے صفائی نہایت لازم ہے۔
شیشے کے دروازوں کا فائدہ یہ کہ یہ کسی بھی قسم کے موسم میں تپتے، پھولتے یا زنگ آلود ہو کر خراب نہیں ہوتے۔ ہوا میں نمی بھی شیشوں کے دروازوں کو خراب نہیں کرتی۔ یہ چھوٹے گھروں کے لئے زیادہ موزوں ہیں کیونکہ اس سے کمرے اصل سے زیادہ کشادہ دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں سے روشنی چھلک کر کمرے میں داخل ہو کر گھر کی سجاوٹ اور خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔
جس گھر میں چھوٹے بچے ہوں یہ اس گھر کے لئے مناسب نہیں کیونکہ کسی بھی زوردار دھچکے سے شیشہ ٹوٹنے کا امکان ہوتا ہے۔ کمروں میں رازداری کو ممکن بنانے کے لئے ان کو ضرورت کے تحت پردوں سے ڈھانپنا چاہئے۔ یہ عام آدمی کی قوتِ خرید سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔
دروازوں کا انتخاب، ایک اہم عمل
دروازے ہر دور میں گھروں اور حویلیوں کی شان و شوکت بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہر دور میں دروازوں کے ڈیزائنز اس دور کی ثقافت کے عکاس ہوا کرتے تھے۔ دروازوں کا انتخاب ہمیشہ گھر کی اندرونی آرائش کے مطابق کیا جاتا تھا۔
وقت بدلنے کے ساتھ جدت آئی اور پرانے ڈیزائنز کے دروازوں کی جگہ دورِ جدید کے دروازوں نے لی لے۔ مذکورہ بالا دورِ جدید کے دروازوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ معلومات ہر اس شخص کو ہونی چاہئے جو گھر بنانے کا خواہش مند ہو اور اگر بات ہو خوابوں کا مسکن بسانے کی، پھر تو دورِ جدید کے نت نئے ڈیزائنز کا علم ہونا نہایت لازم ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔