گھر کے خوبصورت در و دیوار اس میں بسنے والوں کو الگ ہی ماحول فراہم کرتے ہیں۔ پُرکشش دیواریں گھر کی قدرومنزلت بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس کے مکینوں کے لیے بھی سکون کا باعث ہوتی ہیں۔ آج کے بلاگ میں ہم آپ کو دیواروں کے مختلف ڈیزائنز کے بارے میں اہم معلومات فراہم کریں گے۔
پتھر کی دیواریں
پتھر کی دیواروں کا استعمال دورِ قدیم میں عام تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ پتھروں سے مزین دیواروں کی جگہ جدید طرز کی دیواروں نے لے لی۔ لیکن آج ایک بار پھر پتھر کی دیواروں کی تعمیر کا رجحان عام ہوتا جا رہا ہے۔ پتھر کی دیوار کی تعمیر جدید انداز میں اس مہارت سے کی جاتی ہے کہ وہ جدت اور خوبصورتی کا حسین امتزاج محسوس ہوتی ہے۔
اگر پتھر کی دیواروں کی اقسام کی بات کریں تو اس میں چونا پتھر، گرینائٹ، سینڈ اسٹون اور پورٹ لینڈ اسٹون شامل ہیں۔
یہ دیواریں نہ صرف گھر کو خوبصورت بناتی ہیں بلکہ پائیداری اور مضبوطی کی وجہ سے بھی اپنی الگ پہچان رکھتی ہیں۔
مختلف ڈیزائنز پر مبنی پلستر
روایتی پلستر موجودہ دور میں کم ہی پسند ہی کیا جاتا ہے۔ اکثر افراد کی خواہش ہوتی ہے کہ مختلف ڈیزائنز سے مزین پلستر کا استعمال کیا جائے۔
پلستر کے جدید ڈیزائنز دیواروں کو دلفریب بنا دیتے ہیں اور دیکھنے والوں کے لیے خوشنمائی کا باعث بنتے ہیں۔ جدید ڈیزائنز کے پلستر سے مزین دیواریں گھر کو دیدہ زیب بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے جاذبِ نظر ہونے کے باعث مارکیٹ ویلیو بڑھانے کا بھی باعث بنتی ہیں۔
درمیان سے خالی دیواریں
گھر کو ہوادار رکھنا ہو تو یہ دیواریں بہترین انتخاب ہیں۔ روایتی دیواروں سے ہٹ کر ان کی تعمیر اس طرز پر ہوتی ہے کہ درمیان سے ہوا اور روشنی کا گزر باآسانی ہو سکے۔ یہ دیواریں گھر کے برآمدے، لیونگ روم یا ڈائننگ روم کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہیں۔
مختلف رنگوں سے مزین پینٹ شدہ دیواریں
یہ دیواریں گھر کو دیدہ زیب بنانے کا سب سے آسان ذریعہ ہیں۔ کمرے کی چار دیواری کو مختلف رنگوں سے پینٹ کرنا ایک فن ہے جو ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ اگر آپ اس مہارت کا گُر جانتے ہیں تو ہی اپنی مرضی کے رنگ و روغن کا انتخاب کیجئے ورنہ کسی ایسے شخص سے مشورہ لیجیے جو ذوق رکھتا ہو یا پھر کسی ماہر انٹیرئیر ڈیزائنر کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
عام طور پر ان دیواروں کا استعمال گھر کے اندرونی حصے میں کیا جاتا ہے۔
حُسن چاہے قدرتی ہو، شخصی ہو یا پھر تعمیراتی اور اسی طرح رنگوں کا چناؤ، یہ تمام خصوصیات انسانی فطرت کی عکاس ہیں۔ مختلف رنگ و روغن سے مزین دیواریں گھر کے مکینوں اور مہمانوں دونوں کے لیے باعثِ مسرت ہوتی ہیں۔
ٹائلز سے بنی دیواریں
ٹائلز کا استعمال عام طور پر گھر کے باتھ روم، کچن اور بیڈروم میں کیا جاتا ہے۔ جاذبِ نظر اور نِت نئے ڈیزائن والی ٹائلز گھر کو رونق بخشتی ہیں۔ ٹائلز کی تنصیب مکمل لیکن آپ کے ذوق کے مطابق آدھے حصے پر بھی کی جا سکتی ہے۔
ٹائلز نہ صرف دیواروں کو نمی اور موسمی اثرات سے خراب ہونے سے محفوظ رکھتی ہیں بلکہ پائیداری کی ضامن بھی ہوتی ہیں۔
لکڑی کے پینلز سے مزین دیواریں
دورِ جدید میں لکڑی کے پینلز سے مزین دیواریں بھی موزوں انتخاب سمجھی جاتی ہیں۔ مربع یا مستطیل نما شکل کے پینلز دیواروں میں نصب کیے جاتے ہیں جو دیکھنے والے کو ایک منفرد احساس دیتے ہیں۔
شیشہ سے بنی دیواریں
شیشے سے تیار شدہ دیواروں کا استعمال گھر کے اندرونی حصے میں کیا جاتا ہے۔ اکثر دفاتر اور گھروں میں بھی ایک حصے کو دوسرے سے الگ کرنے کے لیے شیشے کی دیوار تعمیر کی جاتی ہے۔ دفاتر میں مختلف حصوں کو تقسیم کرنے کے لیے انہی دیواروں کا استعمال عام ہے۔
یہ دیواریں دن کی روشنی کے باآسانی گزر کا بہترین ذریعہ تصور کی جاتی ہیں۔
سخت لکڑی کی دیواریں
اچھی اور معیاری لکڑی کی دیواریں گھر کو انفرادی حسن فراہم کرتی ہیں۔ نہ صرف گھر بلکہ 5 یا 7 اسٹار ہوٹلز اور اعلیٰ معیار کے گیسٹ ہاؤسز میں بھی لکڑی کی دیواروں کا استعمال دیکھنے میں آتا ہے جس کی بنیادی وجہ اس کی منفرد دکھائی دی جانے والی خصوصیت ہے۔
یہ روایتی دیواروں سے ہٹ کر منفرد اندرونی منظر پیش کرتی ہیں۔
بلوط، چیری، اخروٹ اور ساگوان کی لکڑی ایسی دیواروں کی تعمیر کے لیے بہترین انتخاب سمجھی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں یہ دیواریں مضبوط اور پائیدار ہوتی ہیں لیکن قیمت میں مہنگی ہونے کے باعث جیب پر بھاری بھی ہوتی ہیں۔ اگر آپ قوتِ خرید رکھتے ہیں تو یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔
گھر کی تعمیر میں جاذبِ نظر دیواروں کی اہمیت
طرزِ تعمیر کی دلکشی کی اگر بات کی جائے تو تقریبا ہر شخص ایسے گھر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے جس کا اندرونی اور بیرونی طرزِ تعمیر پُرکشش ہو۔
کوئی بھی خریدار اگر آپ کی پراپرٹی کی ویلیو کا جائزہ لیتا ہے تو اس کی پہلی نظر چھت اور دیواروں پر پڑتی ہے۔ اگر دیواریں بوسیدہ ہوں یا روایتی انداز میں تعمیر کی گئی ہوں تو موجودہ دور میں خریدار پر اس کا منفی اثر مرتب ہو سکتا ہے اور گھر کی قیمت فروخت میں آپ کی خواہش کے برعکس کمی واقع ہو سکتی ہے۔
اگر آپ کے گھر کی دیواریں جدید اور جاذبِ نظر ہوں تو آپ کے گھر کی قیمتِ فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور آپ اس کو اچھی قیمت پر فروخت کر سکتے ہیں۔
موجودہ دور میں جدید طرزِ تعمیر پر بنے گھر ہی اچھی قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔ پرانے طرزِ تعمیر پر بنے گھروں کا کرایہ بھی نسبتاً کم ہوتا ہے اور ان کی قیمتِ فروخت بھی کم ہوتی ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ