لاہور: وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی اور بحالی کے لئے متعلقہ قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کے لئے جامع پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلق قواعد و ضوابط کا جائزہ لینے اور این او سی کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کے لئے سفارشات تیار کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
میاں محمود الرشید نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی کے لئے پیچیدہ قواعد و ضوابط کو آسان بنایا گیا ہے اور نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ سیکٹر کو ترقی دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلڈرزاور ڈویلپرز کو این او سی جاری کرنے کے لئے .. متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اس کا اجرا کم سے کم مدت میں ممکن ہوسکے۔
ٹیکس نظام اور این او سی کے اجراء کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے لئے اجلاس میں دو ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔
مزید برآں ، بلڈرز اور ڈویلپرز کے نمائندوں کی طرف سے دیئے گئے متعلقہ قواعد کو آسان بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی تفصیل سے غور کیا جارہا ہے۔
بورڈ آف ریوینیو ، محکمہ قانون ، محکمہ خزانہ ، پنجاب ریوینیو اتھارٹی ، ایل ڈی اے ، لوکل گورنمنٹ ، ہاؤسنگ ٹاسک فورس اور بلڈرز اور ڈویلپرز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔