وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے بروز اتوار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے بارہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملتان وہاڑی دوہری سڑک کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان سے ٹبہ سلطان پور تک 39 کلومیٹر طویل دوہری سڑک پہلے مرحلے میں بنائی جائے گی اور یہ سڑک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بنائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ٹبہ سلطان پور سے وہاڑی تک 47 کلومیٹر دوہری سڑک دوسرے مرحلے میں تعمیر کی جائے گی جبکہ ملتان سے ٹبہ سلطان پور تک سڑک اگلے ایک سال میں تعمیر کی جائے گی۔
محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) ٹبہ سلطان پور سے وہاڑی تک اس سڑک کا منصوبہ بنائے گا۔ اجلاس میں فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا دوہری سڑک کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، چنیوٹ، سرگودھا دوہری سڑک کا منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے 2 مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں سڑک کے فیصل آباد چنیوٹ سیکشن کی تکمیل ہوگی۔ اجلاس کے دوران ماحولیاتی اور سماجی انتظامی نظام کا جائزہ لینے کی بھی منظوری دی گئی۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز پی اینڈ ڈی، فنانس، قانون، ہاؤسنگ اور سی اینڈ ڈبلیو وزارتوں، ممبر پی اینڈ ڈی، سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔