اسلام آباد: چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) عامر علی احمد نے سیکٹر آئی بارہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر بورڈ ممبران اور متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آئی بارہ ٹُو اور تھری سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ آئی بارہ ون اور فور کے ترقیاتی کاموں کا اجراء 42 ایف کے تحت جلد کر دیا جائیگا۔
سی ڈی اے کے مطابق اس منصوبے کے تحت سیکٹر آئی بارہ ٹو اور تھری کے ترقیاتی کاموں میں ڈرینج سسٹم، سیورج نیٹ ورک، گلیوں کی تعمیر اور کلورٹس سمیت دیگر ترقیاتی کام کئے جائیں گے جبکہ ان ترقیاتی کاموں کو 15 ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائیگا۔
ترقیاتی کاموں پر 54 کروڑ 27 لاکھ 88 ہزار روپے لاگت آئے گی۔
چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سی ڈی اے انتظامیہ کو ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ عرصہ دراز سے اسلام آباد کے ایسے سیکٹر جہاں ترقیاتی کام التواء کا شکار تھے وہاں ترقیاتی کاموں کا اجراء کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے سیکٹرز کی آباد کاریوں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا جبکہ عوام کو بھی سہولیات میسر آئینگی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔