اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے زیر انتظام شعبے سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ اتھارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 30.2 ارب روپے لاگت کے 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 65.9 ارب روپے کے 2 ترقیاتی منصوبے حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو بھجوا دیئے گئے۔
سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں راولپنڈی میں 8.61 ارب روپے کی لاگت سے 200 بستروں پر مشتمل گائنی ہسپتال کی تعمیر، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کیلئے 46.35 کروڑ روپے کے فنڈز سے ایم آر آئی مشینوں کی خریداری اور اسلام آباد میں چائلڈ لیبر سروے کیلئے 5.78 کروڑ روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے دوران جنوبی پنجاب کے راجن پور ضلع میں 7.47 ارب سے 200 بستروں کے گائنی ہسپتال اور گلگت بلتستان میں 4.67 ارب روپے کی لاگت سے 50 بستروں پر مشتمل امراضِ قلب کے ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کوئٹہ میں 2.86 ارب سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے نئے کیمپس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جبکہ 25.92 ارب کے کثیر المقاصد گومل زام ڈیم اور جھل مگسی میں 39.94 ارب روپے لاگت کے نولونگ ڈیم منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔