اسلام آباد: چیئرمین کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نور الامین مینگل کی ہدایت پر آئی جے پی روڈ کے رائٹ آف وے پرآپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، اسلام آباد انتظامیہ راولپنڈی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبوں نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشنز کی نگرانی ڈی جی انفورسمنٹ نے کی۔آئی جے پی روڈ کی راولپنڈی سائڈ پر، سی ڈی اے کی سرکاری زمین پر قبضہ مافیا عرصہ دراز سے قابض تھا۔ اور زمین کا کمرشل استعمال کیا جا رہا تھا۔ اتوار کے روز آپریشن کر کے سرکاری اراضی کو واگزار کروالی لی گئی۔
اپریشن کا آغاز خیابان سے کیا گیا۔ اور تقریباً 3 کلو میٹر کے ایریا سے غیر قانونی گاڑیوں کی ورکشاپ کے 17 اضافی شیڈ، 10 ورکشاپ سے متعلقہ غیر قانونی کھوکھے، 20 دکانیں، متعد دیواریں، درجنوں کباڑ خانے اور فروٹ سٹال مسمار کر کے تقریباً 270 کنال زمین واگزار کر لی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ IJP روڈ سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے عوام الناس استفادہ حاصل کرسکیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔