اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی انتظامیہ نے دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لئے کاوشوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اسلام آباد کے نظر انداز کیے جانے والے علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں پہلی بار کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نظر انداز کئے گئے دیہی علاقوں میں صفائی کی خدمات کی آؤٹ سورسنگ کا عمل مکمل کیا ہے۔ لہٰذا ان اقدامات سے اسلام آباد کے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار میں بہتری آئے گی۔
مزید یہ کہ جن علاقوں میں صفائی کی خدمات متعارف کروائی جارہی ہیں۔ ان میں شہر اور اس کے مضافات میں گنجان آبادی والے علاقوں سمیت دیہی علاقے وغیرہ شامل ہیں۔ صفائی کے معیار اور مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لئے نظر انداز کئے گئے علاقوں کو دو پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
کییٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے صفائی کے مؤثر انتظام کے لئے تقریباً 2 لاکھ آبادی والے 36 علاقوں کو پیکج ون میں شامل کیا ہے۔ اس پیکیج ون میں مسلم کالونی (بری امام)، نور پور شاہاں، ملپور، شاہدرہ، ماندلہ، کوٹ ہتھیال (مکمل)، رکھ بنی گالہ، لکھوال، پھل گراں، گھوڑا باز، تمیر، لہتڑاڑ روڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہوں گے۔
اسی طرح پیکج 2 میں بادیہ رستم خان، بادیہ قادر بخش، میرا سنبل جعفر، نتھیان H-13، H-14، جھنگی سیداں، H-15، میرا سنبل اکو، گلشن خداداد، بھڈانہ کلاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پیکج 2 کے دیگر علاقوں میں نون، پنڈ پیراں، سرائے خربوزہ، ترنول، سنگجانی، سرائے مادھو، شاہ اللہ دتہ، پنڈ سنگڑیال، میرا بیری، بھیکر فتح بخش، F-12، دھریک موہری، جی ٹی روڈ اور تمام ملحقہ سڑکیں وغیرہ شامل ہیں۔ نیز پیکج ٹو کے علاقوں میں رہائش پذیر کل آبادی 2.60 لاکھ ہے۔ پانچ پری کوالیفائیڈ فرموں میں سے تین فرموں نے پیکج ون میں مالی بولیاں جمع کروائیں، جبکہ چار فرموں نے پیکج ٹو میں حصہ لیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔