اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کا اہم اجلاس منگل کے روز چیئرمین نور الامین مینگل کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دنیا کی سب سے بڑی برڈ ایوری بنانے کی منظوری دی گئی۔ یہ برڈ ایوری ایف نائن پارک میں بنائی جائے گی۔ اور دنیا کی سب سے بڑی برڈ ایوری ہوگی، جو 10 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اس برڈ ایوری کا بنیادی مقصد ایک ایسی ایوری قائم کرنا ہے۔ جو پرندوں کی مختلف انواع کے لئے ایک پناہ گاہ کے طور پر کام کرے گی۔ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں حصہ ڈالے گی۔ نیز پارک میں آنے والوں کے لئے تفریح اور معلومات کا سبب بنے گی۔ واضح رہے کہ یہ برڈ ایوری اوپن آکشن (ڈیزائن، بلٹ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر) کی بنیاد پر کی جائے گی۔
مزید یہ کہ سی ڈی اے بورڈ میٹنگ میں سیکٹر ڈی تیرہ، ای تیرہ اور ایف سیکٹرز کے ریوائسڈ لے آؤٹ پلانز پیش کے گئے۔ بورڈ ممبران نے جدید خطور پر استوار کیے گئے ریوائسڈ لے آوٹ پلان کو سراہا جس میں متاثرین کے لیے پلاٹ بھی رکھے گئے ہیں۔ اور سابقہ ادوار میں الاٹ کئے گئے پلاٹس کی بھی نشان دہی کی گئی۔ علاوہ ازیں بورڈ نے ری وایئسڈ لے آوٹ پلان میں موجود دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید جدید خطوط کی نشان دہی کی۔ اور اسکی روشنی میں پلاننگ کی ہدایت کی۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں کپیٹل سٹریٹ کے 20 پلاٹس کی منظوری دے دی گئی۔ کپیٹل سٹریٹ کے قواعد و ضوابط کی بھی بورڈ نے منظوری دی۔ بورڈ نے کپیٹل سٹریٹ کے قواعد و ضوابط کو سرمایہ کاروں کے لئے فرینڈلی بنانے کی ہدایت کی تھی، جس کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے آسان قواعد و ضوابط بنائے گئے۔
علاوہ ازیں سی ڈی اے بورڈ میٹنگ میں مالی سال 24-2023 کے بجٹ کی منظوری دی گئی، جس کا تخمینہ 150 ارب 94 کڑور 80 لاکھ روپے ہے۔ اس میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اخراجات کا تخمینہ 150 ارب 9 کڑور 50 لاکھ روپے ہے۔ اور موجودہ بجٹ 85 کڑور 20 لاکھ روپے کا سرپلس بجٹ ھوگا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔