اسلام آباد: کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے انجینرنگ ونگ کو آئی جے پی روڈ کی توسیع اور بحالی کے لیے ڈیزائن اور لاگت کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کو انجینئرنگ ونگ نے 6 ارب روپے کے اِس منصوبے پر بریفنگ دی۔
سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے حال ہی میں اس منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے اور اتھارٹی جنوری سے اِس منصوبے پر کام شروع کرنا چاہتی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق پراجیکٹ 18 ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو بتایا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کے لئے انتہائی اہم ہے لہذا انجینئرنگ ونگ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاہدے کے بعد پیدا ہونے والے کسی بھی پیچیدہ صورتِ حال سے بچنے کے لئے اپنے تخمینے اور ڈیزائن کی جانچ کرے۔
سی ڈی اے نے پہلے ہی تعمیراتی فرمز اہلیت کے لئے درخواستیں طلب کی ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جب تک پیشگی اہلیت کا عمل مکمل نہیں ہوتا، سی ڈی اے کو اس منصوبے کے تخمینے اور ڈیزائن کا جائزہ لینا چاہئے۔
اس منصوبے میں دوہرے کیریج وے کا قیام، دو اضافی لینوں اور تین فلائی اوورز کی تعمیر شامل ہے۔
سی ڈی اے کے کچھ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پی سی ون کو حتمی شکل دینے سے پہلے سی ڈی اے نے فزیبلٹی اسٹڈی کرنے کے لئے ایک مشیر کی خدمات حاصل کی تھیں اور مشیر نے سڑک کی بحالی کے علاوہ دو مزید ہارڈ لینز اور تین فلائی اوورز کے قیام کی تجویز دی۔
آئی جے پی روڈ اسلام آباد کا ایک مصروف ترین علاقہ ہے اور یہ دارالحکومت کو راولپنڈی سے جوڑتا ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔