کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے گذشتہ روز کیے گئے آپریشن میں آئی جے پی روڈ، سیکٹر ایچ 8، اور جی 8 میں قائم کی گئی غیرقانونی تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے ہمراہ جمعرات کو اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے مختلف غیر قانونی بستیوں اور تجاوزات کو مسمار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن سیکٹر ایچ 8 سے شروع کیا گیا، جہاں گرین بیلٹ پر بنائے گئے درجنوں غیرقانونی سٹالز کو ہٹا دیا گیا اور بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے پانچ غیر قانونی سٹالز کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں غیرقانونی تجاوزات کے پانچ ٹرک بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ آپریشن کے بعد گرین بیلٹ کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا۔
سی ڈی اے حکام نے مزید بتایا کہ آئی جے پی روڈ پر سی این جی اسٹیشن کے قریب دکانداروں نے مکسنگ مشینیں لگا کر سڑک پر قبضہ کر رکھا تھا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔ سی ڈی اے کی جانب سے ان کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا اور سامان کا ایک ٹرک ضبط کر لیا گیا۔
علاوہ ازیں سیکٹر جی 8 مرکز میں شوروم مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور فٹ پاتھ پر کھڑی تمام گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا۔ اسی طرح جی 8 مرکز میں ہوٹل مالکان کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر کیا گیا قبضہ ختم کروا دیا گیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔