اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کی ہدایات پر شہر بھر میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر جمعرات کے روز ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے جدہ ٹاؤن اور آغوش سوسائٹی میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد عمارات کو سر بمہر (سیل) کردیا۔
جدہ ٹاؤن میں 10 عمارات اور آغوش سوسائٹی میں ایک عمارت جو سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر تعمیر کی جارہی تھی کو سربمہر کرکے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔
مزید یہ کہ شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیر کردہ عمارات کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے ناجائز تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر آپریشن کرنے میں مصروف عمل ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ